فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او تنویر حسین نے ایڈووکیٹ کی نشاندہی ٹک ٹاکر ایس ایچ او تھانہ ترکھانی عمران جاوید کو لائن حاضر کر کے اسکی جگہ سب انسپکٹر ریاست علی کو ایس ایچ او تھانہ ترکھانی تعینات کر دیا، جنہوں نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال کر فرائض کی ادائیگی شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق سمندری بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر عبداﷲ غازی ایڈووکیٹ نے سی پی او کو درخواست گزارتے ہوئے بتایا کہ حدود کیس کے سلسلہ میں تھانہ ترکھانی گیا تو ایس ایچ او دفتر میں موجود نہ تھے۔ سکیورٹی گارڈ نے بتایا کہ ایس ایچ او نے وقار وقاص فلنگ اسٹیشن پٹرول پمپ کیساتھ اپنا دفتر بنا رکھا ہے۔ جہاں پر مقدمات کی تفتیش وتکمیل اور دیگر لین دین ہوتا ہے اور پٹرول پمپ مالکان ٹائوٹی کا کردار سرانجام دیتے ہیں اور تھانہ کی بجائے پرائیویٹ دفتر میں سرکاری امور سرانجام دیئے جاتے ہیں اور پولیس یونیفارم میں ایس ایچ کی پٹرول پمپ مالکان کیساتھ ٹک ٹاک کی ویڈیو موجود ہیں جو کہ محکمہ کی بدنامی کا باعث ہیں جس پر سی پی او نے ایس ایچ او ترکھانی کو لائن حاضر کر دیا۔




