فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ٹریفک حادثات میں بہن بھائی سمیت 3افراد لقمہ اجل بن گئے، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے حادثات کے مرتکب ڈرائیورز کی تلاش شروع کر دی ہے۔ تفصیل کے مطابق تھانہ ٹھیکری والا کے علاقہ 68 ج ب کا رہائشی محمد انور اپنی ہمشیرہ کلثوم بی بی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر کسی عزیز کی فوتگی پر فاتحہ خوانی کیلئے جا رہا تھا جب وہ 72 ج ب گلالی پور کے قریب پہنچا تو تیز رفتار چنگ چی رکشہ سے موٹرسائیکل ٹکرانے سے بہن بھائی بری طرح زخمی ہو کر گر پڑے، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی تو انور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکا تھا جبکہ اسکی ہمشیرہ 50سالہ کلثوم بی بی کو ہسپتال پہنچایا جہاں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ جبکہ دوسرا حادثہ ملت ٹائون کے علاقہ چک جھمرہ روڈ پر پیش آیا جہاں پر تیز رفتار مزدا ڈالہ کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار 17سالہ عتیق ولد محمد علی بری طرح زخمی ہو گیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر کے حادثات کے مرتکب ڈرائیورز کی تلاش شروع کر دی ہے۔




