فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر) سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اور سینئرسیاستدان رانا زاہد توصیف نے ٹریفک پولیس کی جانب سے طلبہ سمیت دیگر شہریوں کے چالان کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محض ریونیو کا ٹارگٹ پورا کرنے کیلئے عوام کو خوفزدہ کرنا ناقابل فہم ہے جبکہ دوسری طرف پنجاب کے تمام شہروں میں ٹریفک سسٹم ابتر ہو چکا ہے انہوں نے کہا ہے کہ ہمیں دیکھنا ہو گا کہ ملک میں 2کروڑ 70لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں اب اگر ٹریفک پولیس جگہ جگہ ناکے لگا کر سختی کرے گی تو مزید اڑھائی کروڑ بچے اپنی تعلیم کو خیرباد کہہ دیں گے چنانچہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ 16سال تک عمر کے طلباء و طالبات کو ٹریفک لائسنس جاری کیا جائے کیونکہ بدقسمتی سے ملک میں پبلک ٹرانسپورٹ کی کمی ہے اس لئے ذاتی سفری سہولیات کا استعمال ہر شہری اور طلبہ و طالبات کا حق ہے اس کے لئے ضروری ہے کہ الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا کے ذریعہ بار بار عوام کو ٹریفک ضابطوں اور قوانین سے آگاہی کے لئے اشتہارات چلائے جائیں ۔ نیز سکول و کالجز میں ویڈیو کے ذریعہ اساتذہ و طلبہ میں ٹریفک قوانین بارے آگاہی دی جائے۔ رانا زاہد توصیف نے مزید کہا ہے کہ عوام پہلے ہی غربت ، بدترین مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ ہیں۔لہٰذا انہیں مزید حراساں کر کے خود کشی پر مجبور نہ کیا جائے بلکہ موقع پر چالان وصول کر کے ہیلمٹ اور لائسنس جاری کیا جائے ایسے معاملات جبراً نہیں بلکہ قوم کو قوانین سے روشناس کروانے کیلئے عوام دوست مہم کے اجراء سے حل ہوتے ہیں ۔




