ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار اور نامعلوم گاڑی نے بزرگ کو کچل دیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ ائیرپورٹ کے علاقہ سدھار بائی پاس کے قریب نامعلوم گاڑی نے پیدل سڑک عبور کرتے ضعیف العمر شخص کو کچل دیا’ حادثے کا مرتکب ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہو گیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر متوفی کے ورثاء کی تلاش شروع کر دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 70سالہ بزرگ سدھار بائی پاس کے قریب پیدل سڑک عبور کر رہا تھا کہ نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو گیا تو ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہو گیا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر مضروب کو ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی لیکن وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے دم توڑ گیا۔ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے متوفی کے ورثاء اور حادثے کے مرتکب ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔دریں اثناں۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) نشاط آباد کے علاقہ 5ج ب کے قریب تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے حادثہ کے مرتکب ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ 5ج ب کا رہائشی فرحان ولد شہزاد موٹرسائیکل پر سوار ہو کر ڈیوٹی پر جا رہا تھا کہ جب وہ مین روڈ پر پہنچا تو عقب سے آنیوالی تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو کر گر پڑا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر مضروب کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال پہنچایا۔ جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے حادثہ کے مرتکب ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں