ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق ضلع بھر میں خوراک کی حفاظت اور کھیت سے پلیٹ تک محفوظ خوراک کی فراہمی کا مشن جاری رہا۔ ڈپٹی کمشنر عمر میلہ کی زیر نگرانی اور ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی یاسر مشتاق کی قیادت میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ضلع بھر میں جانفشانی سے کارروائیاں کیں ۔ سال 2025میں مجموعی طور پر 41,378فوڈ پوائنٹس اور یونٹس کی چیکنگ کی گئی، جن میں سے 209کی پروڈکشن بند کی گئی اور 72پر مقدمات درج کیے گئے۔ علاوہ ازیں 4,595فوڈ پوائنٹس پر 4کروڑ 66لاکھ 76ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔کارروائیوں کے دوران 9,836 کلو گوشت، 42 ہزار لٹر دودھ، 700 کلو مصالحہ جات، 2,700 لٹر آئل اور 15,700 لٹر پانی تلف کیا گیا۔ علی الصبح ناکہ بندیوں پر 12,200 دودھ سپلائر گاڑیوں میں موجود 32 لاکھ لٹر سے زائد دودھ کا معائنہ کیا گیا جبکہ 2,827دکانوں میں موجود 35ہزار کلو گوشت کی جانچ کی گئی۔ساتھ ہی فوڈ آپریٹرز اور صار فین کی سہولت کے لیے اقدامات جاری رہے اور واٹرفلٹریشن پلانٹس کے لیے ایس او پیز بھی مرتب کیے گئے۔ ضلع بھر کے اسکول و کالجز کے طلبہ و طالبات کو نیوٹریشن آگاہی فراہم کی گئی جبکہ دودھ اور گوشت کے معیار اور ٹریسیبیلٹی کے لیے ایس او پیز واضح کیے گئے۔سال 2025 میں جعل ساز اور ملاوٹ مافیا کیخلاف بھرپور کارروائیاں کی گئیں۔




