ٹوبہ میں68پیراوٹرنری سٹاف کو بلاسود موٹر سائیکلز کی فراہمی

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کی عملی تکمیل : ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 68پیراویٹرنری سٹاف کو موٹر سائیکلوں کی فراہمی کی پروقار تقریب۔ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت محکمہ لائیوسٹاک حکومت پنجاب کی جانب سے فیلڈ سروس ڈلیوری کو موثر، تیز رفتار اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 68پیراویٹرنری سٹاف کو بلا سود اور آسان اقساط پر کسٹمائزڈ موٹر سائیکلوں کی فراہمی کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔یہ تقریب لائیوسٹاک کمپلیکس ٹوبہ ٹیک سنگھ میں منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر حیدر علی خان، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ ڈاکٹر حنا ظفر اور ڈپٹی ڈائریکٹرز لائیوسٹاک ٹوبہ ٹیک سنگھ نے شرکت کی۔ معزز مہمان خصوصی نے 68 پیراویٹرنری سٹاف میں موٹر سائیکلوں کی چابیاں تقسیم کیں۔ مزید براں 74 پیراویٹرنری سٹاف اور 33 ویٹرنری آفیسرز میں موٹرسائیکلز پہلے ہی تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر حیدر علی خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق فیلڈ سٹاف کو موٹر سائیکلوں کی فراہمی سے مویشی پال کسانوں کو ان کی دہلیز پر بروقت، موثر اور معیاری ویٹرنری سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکلوں کی تقسیم کا یہ سلسلہ مرحلہ وار جاری ہے تاکہ دور دراز دیہی علاقوں میں خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک پنجاب فیلڈ سٹاف کی سہولیات میں بہتری کے لیے پرعزم ہے اور اس اقدام سے نہ صرف فیلڈ میں نقل و حرکت آسان ہوگی بلکہ لائیوسٹاک سروسز کی مجموعی کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں