فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب حکومت عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں مخلص ہے یہی وجہ ہے کہ جب بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی ہے ترقیاتی کاموں کے جال بچھے ہیں’ فیصل آباد میں میگا پراجیکٹس کے علاوہ مین سڑکوں کی تعمیر’ ناکارہ اور بوسیدہ سیوریج سسٹم کی جگہ بہترین نیا سیوریج سسٹم’ سٹریٹ لائٹس’ واٹرفلٹریشن پلانٹ کی تنصیب اور صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں’ فیصل آباد میں مقامی ایم این ایز اور ایم پی ایز کی کاوشوں سے مین شاہراہیں تعمیر مکمل کی جا رہی ہیں جن میں کچھ مکمل ہو چکی ہیں اور کچھ پر کام جاری ہے’ انہیں مین سڑکوں میں سے ایک سڑک تیزاب مل روڈ کی ہے جو عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی’ یہاں کے ٹکٹ ہولڈرز پاکستان مسلم لیگ (ن) میاں عرفان منان اور رانا علی عباس خاں ایڈووکیٹ کی کاششوں اور کاوشوں سے تیزاب مل روڈ کی تعمیر بھی اپنے آخری مراحل میں ہے’ بجری ڈال دی گئی ہے اور سڑک سیوریج سسٹم بھی ازسرنو تعمیر کیا جا رہا ہے’ مگر کام کی رفتار انتہائی سست ہونے کی وجہ سے وہاں کے رہائشی سخت اذیت سے دوچار ہیں’ تیزاب مل روڈ مین روڈ ہے جہاں پر گزرنے والوں کا رش رہتا ہے’ مگر روڈ کی تعمیر میں ٹھیکیدار کی سست روی نے سب کو پریشان کر رکھا ہے’ نوکیلے پتھروں سے لوگوں کی گاڑیوں کا نقصان ہونے کے ساتھ ساتھ روڈ پر کھڈے پڑنے سے حادثات بھی رونما ہو رہے ہیں’ تیزاب مل روڈ کے رہائشیوں نے میاں عرفان منان اور رانا علی عباس سے اپیل کی ہے کہ بلاشبہ آپ کا یہ کام علاقہ کے لوگوں کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں مگر کام کی سست روی نے اسے مکینوں کیلئے وبال جان بنا دیا ہے اور وہ آپ کو اس کا قصوروار ٹھہرا رہے ہیں اس لئے آپ سے گزارش ہے کہ تیزاب مل روڈ کا کام تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے اور علاقے کے لوگوں کی مشکل کو حل کیا جائے۔




