نئی دہلی (سپورٹس نیوز)بھارتی اسپورٹس پریزنٹر صاحبہ بالی اپنی ایک پرانی ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شدید تنقید کی زد میں آ گئیں۔سوشل میڈیا پر وائرل اپنے پرانے انٹرویو میں صاحبہ بالی اپنے دورہ پاکستان کے بارے میں بات کرتی نظر آ ئیں۔انہوں نے بتایا کہ میرا دورہ پاکستان آنکھیں کھول دینے والا تھا، یہ 2005 کی بات ہے، میں اس وقت نو عمر تھی اور ہم کسی کی شادی میں پاکستان گئے تھے، چنانچہ ہم نے لاہور اور کراچی کا دورہ کیا۔صاحبہ بالی نے بتایا کہ بچپن میں پاکستان کے بارے میں میرا تصور وہی تھا جو میں نے میڈیا پر دیکھا تھا، جو میں نے بھارتی فلموں میں دیکھا تھا یا جو میں نے کرکٹ میچز کے دوران دیکھا تھا۔انہوں نے بتایا کہ جب میں پاکستان گئی تو میرا تصور بالکل بدل گیا، پاکستانی بہت پیار کرنے والے لوگ ہیں، وہ یہ جان کر بہت خوش ہوئے کہ ہم بھارت سے آئے ہیں۔




