پاکستانی ترانے کیلئے 6 ماہ اردو زبان سیکھی’ برطانوی گلوکارہ

لیڈز(شوبز نیوز)برطانیہ کی مشہور گلوکارہ لورا رائٹ نے بتایا ہے کہ انہوں نے پاکستان کا قومی ترانہ گانے کے لیے باقاعدہ چھ ماہ تک اردو زبان کی کلاسز لی ہیں۔انگلینڈ کے شہر لیڈز میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل برطانوی گلوکارہ لورا رائٹ نے پاکستانی قومی ترانہ گا کر شائقین کی توجہ حاصل کرلی۔ لورا رائٹ نے بغیر کسی ساز کے اپنی آواز میں قومی ترانہ پیش کیا، جسے اسٹیڈیم میں موجود پاکستانی شائقین نے خوب پسند کیا۔ ان کی اس پرفارمنس کی ویڈیو دنیا بھر میں بھی دیکھی گئی اور سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین نے گلوکارہ کی آواز اور انداز کو خوب سراہا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ لورا رائٹ نے یہ ترانہ اچانک یا بغیر تیاری کے نہیں گایا بلکہ اسے درست انداز میں پیش کرنے کے لیے چھ ماہ تک اردو سیکھتی رہیں۔ گلوکارہ کے مطابق قومی ترانہ گانا ان کے لیے صرف ایک گانا پیش کرنے کا کام نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری ہے، اس لیے وہ زبان کے الفاظ، تلفظ، جملوں کی ادائیگی اور معنی سمجھنے پر خاص توجہ دیتی ہیں۔لورا رائٹ نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ کسی بھی ملک کا قومی ترانہ گانے کی دعوت ملنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے، لیکن پاکستانی ترانہ ان کے لیے خاصا مشکل تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں