پاکستانی خواتین نے نمایاں کارنامے سرانجام دیئے’ آصفہ بھٹو

اسلام آباد (بیوروچیف) خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستانی خواتین سفارت کار عالمی سطح پر ملک کے مثبت تشخص کو مضبوط بنانے میں معاون ہیں۔ انہوںنے کہاکہ میں اْن خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں جنہوں نے اقوام کے درمیان باہمی فہم، مکالمے اور تعاون کے فروغ کے لیے اپنی صلاحیتیں اور خدمات وقف کر رکھی ہیں،ان کی خدمات نے بین الاقوامی شراکت داریوں کو مضبوط بنایا ہے اور ایک پْرامن اور باہم مربوط دنیا کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کو اْن ممتاز خواتین پر فخر ہے جنہوں نے وقار، صلاحیت اور امتیاز کے ساتھ ہمارے ملک کی نمائندگی کی۔ انہوںنے کہاکہ بیگم رعنا لیاقت علی خان اور بیگم شائستہ اکرام اللہ سے لے کر، جنہوں نے پاکستان کے ابتدائی دور میں اس کی سفارتی شناخت کے قیام میں اہم کردار ادا کیا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو تک، جن کی قیادت نے پاکستان کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلایا، پاکستانی خواتین کی متعدد نسلوں نے عوامی خدمت اور بین الاقوامی امور کے میدان میں دیرپا چھاپ چھوڑی ہے۔انہوںنے کہاکہ آج بھی پاکستانی خواتین، سفارت کاروں اور بین الاقوامی تنظیموں و کثیرجہتی فورمز میں نمائندوں کے طور پر نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اپنی پیشہ ورانہ مہارت، بصیرت اور لگن کے ذریعے وہ پاکستان کے قومی مفادات کے فروغ کے ساتھ ساتھ عالمی امن اور بین الاقوامی تعاون کے استحکام میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستانی خواتین سفارت کار اپنے ساتھیوں کے ہمراہ امن، استحکام اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں میں کردار ادا کرتی رہتی ہیں اور عالمی سطح پر ملک کے مثبت تشخص کو مضبوط بنانے میں معاون ہیں۔اس موقع پر میں پاکستان کی تمام، گزشتہ اور موجودہ، خواتین سفارت کاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں جن کی خدمات نے ہمارے وطن کے لیے عزت و افتخار کا باعث بن کر اسے عالمی سطح پر سربلند کیا۔ ان کی کامیابیاں ہمارے لیے باعثِ فخر ہیں اور پاکستان بھر کی نوجوان خواتین کو عوامی خدمت اور بین الاقوامی امور کے شعبوں میں اپنا مستقبل بنانے کی ترغیب دیتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں