پاکستانی زائرین کے بذریعہ سڑک ایران ، عراق جانے پر پابندی

اسلام آباد (بیوروچیف) وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وزارت خارجہ، بلوچستان حکومت اور سکیورٹی اداروں سے وسیع مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ رواں سال زائرین کو اربعین کے لیے سڑک کے ذریعے عراق اور ایران جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، پابندی کا یہ مشکل فیصلہ عوام کے تحفظ اور قومی سلامتی کے مفاد میں کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ زائرین اربعین میں شرکت کیلئے ہوائی سفر کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ آنے والے دنوں میں زائرین کی سہولت کے لیے زیادہ سے زیادہ پروازوں کا انتظام کیا جائے ۔قبل ازیں وزیر اعظم وزیرداخلہ نے ملاقات کی اور زائرین کی نئی پالیسی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے وزیر ہوابازی کو زائرین کیلئے خصوصی پروازوں کا انتظام کرنے کی ہدایت کی۔ملاقات میں بلوچستان کی امن و امان کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے وزیر داخلہ کو گوادر سیف سٹی پر کام شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں پی آئی اے نے 8اگست سے اربعین کے لیے خصوصی فلائٹ آپریشن کا اعلان کردیا۔ نجف روانگی کیلئے خصوصی پروازیں 8اگست سے 11اگست تک چلائی جائیں گی، نجف سے پاکستان واپسی کی پروازیں 18اگست تا 23اگست تک چلیں گی۔ پی آئی اے نے اربعین کے خصوصی فلائٹ آپریشن کے لیے فی مسافر کرایہ 675ڈالر مقرر کیا ہے، عراق جانے والے زائرین نے پی آئی اے سے کرایہ کم کرنے اور مزید اضافی پروازوں کو چلانے کی درخواست کی ہے۔ یاد رہے پاکستان سے بذریعہ سڑک ہرسال لاکھوں لوگ ایران کے راستے عراقی شہر نجف جاتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں