مدینہ (مانیٹرنگ ڈیسک)مسجد نبویۖ میں پاکستانی عازمین حج کیلئے ریاض الجنہ کی حاضریوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔انتظامات کا جائزہ کوآرڈنیٹر مدینہ کاشف حسین، ڈائریکٹر مدینہ زاہد سہیل ، اور ریاض الجنہ ٹیم کے انچارج زبیر نیازی کی زیرِ صدارت اجلاس میں لیا گیا۔335 پاکستانی عازمین حج جن میں 173 مرد اور 162 خواتین شامل ہیں ریاض الجنہ کی حاضری دیں گے۔ ان حاضریوں کیلئے سعودی حکام سے خصوصی اجازت بھی حاصل کی گئی ہے۔حکام کے مطابق عازمین حج کے رش کو منظم رکھنے کیلئے مخصوص اوقات مقرر کیے گئے ہیں۔ مرد زائرین کو دوپہر سے نمازِ عشاء تک اور دوبارہ دوپہر 2 بجے سے نمازِ فجر تک حاضری کی اجازت ہوگی، جبکہ خواتین کیلئے نمازِ فجر کے بعد صبح 11 بجے تک اور پھر نماز عشاء کے بعد رات 12 بجے تک کے اوقات مختص کئے گئے ہیں۔تمام نقل و حرکت کی نگرانی وزارتِ مذہبی امور کے عملے، خدام الحجاج، کے ذریعے کی جا رہی ہے تاکہ زائرین کو ایک منظم اورآسان تجربہ فراہم کیا جا سکے۔ حکام نے کہا کہ مسجد نبوی ۖ کے اندر واقع نہایت مقدس مقام ریاض الجنہ تک رسائی کو یقینی بنانا مدینہ میں موجود پاکستانی زائرین کیلئے اولین ترجیح ہے۔




