اسلام آباد(بیورو چیف)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے متحدہ عرب امارات کی نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کے چیئرمین شیخ زید بن حماد بن حمدان النیہان نے ملاقات کی۔ وزارت داخلہ آمد پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے شیخ زید بن حماد بن حمدان النیہان کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں انسداد منشیات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان اور یو اے ای نے انسداد منشیات کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا اور دونوں ممالک کی جانب سے نمائندہ افسران مقرر کیے گئے۔ انسداد منشیات کیلئے تعاون بڑھانے کیلئے پاکستان کی جانب سے ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے بریگیڈئر طاہر غریب نمائندہ خصوصی مقرر کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے متحدہ عرب امارات میں نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کے قیام کو سراہا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے شیخ زید بن حماد بن حمدان النیہان کو نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کا پہلا چیئرمین بننے پر مبارکباد دی۔ وزیر داخلہ نے شیخ زید بن حماد بن حمدان النیہان کو انسداد منشیات میں اشتراک کار کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ محسن نقوی نے کہاکہ متحدہ عرب امارات میں نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کے قیام سے دونوں ممالک کے مابین انسداد منشیات کے شعبے میں تعاون کو فروغ ملے گا، وزیرداخلہ نے کہا کہ مکروہ کاروبار سے منسلک عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے،متحدہ عرب امارات میں منشیات سمگل کرنے میں ملوث 400 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے اور 5 ٹن منشیات پکڑی ہے ۔




