دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کرسٹالینا جارجیوا نے اعتراف کیا ہے کہ معیشت مستحکم ہونے کے بعد پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہوگیا، گزشتہ روز دبئی میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں کرسٹالینا جارجیوز نے آئی ایم ایف پروگرام موثر طریقے سے نافذ کرنے پر حکومتِ کی کوششوں کو سراہا۔اس موقع پر پاکستان کے جاری آئی ایم ایف پروگرام اور حکومتی اصلاحات کے ذریعے حاصل ہونے والے میکرو اکنامک استحکام پر گفتگو کی گئی۔بات چیت میں ادارہ جاتی اصلاحات کے نفاذ اور مالیاتی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا گیا، جو کہ پاکستان کے معاشی استحکام کی بحالی اور ملک میں پائیدار ترقی و مستقبل کیلئے کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی توسیعی فنڈ سہولت کے تحت ہونے والی پیش رفت کی اہمیت کو اجاگر کیا، جس نے پاکستان کی معیشت کو مستحکم اور اسے طویل مدتی بحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے اصلاحات کی رفتار بالخصوص ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے کی بہتر کارکردگی اور نجی شعبے کی ترقی جیسے اہم شعبوں میں پیش رفت کو برقرار رکھنے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔




