پاکستان دوسرا ٹی 20بھی ہار گیا

ڈھاکا (سپورٹس نیوز) بنگلا دیش نے پاکستان کو سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 8رنز سے ہرا کر 3میچوں کی سیریز میں 2-0کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔بنگلادیش کے 134رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 125رنز بنا سکی، فہیم اشرف51رنز بنا کر نمایاں رہے۔ڈھاکا میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بنگلا دیشی ٹیم کے اوپنر محمد نعیم 3رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، لٹن داس 8، توحید ہردوئے صفر پر جبکہ پرویز حسین 13رنز بنا سکے۔ 28رنز پر 4وکٹیں گرنے کے بعد ذاکر علی اور مہدی حسن نے اسکور 81تک پہنچا دیا، مہدی حسن 33رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے، لیکن ذاکر علی آخر تک ڈٹے رہے اور اننگز کی آخری گیند پر 55رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ بنگلا دیش کی ٹیم مقررہ اوور میں 133رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ڈیبیو کرنے والے احمد دانیال نے 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، سلمان مرزا اور عباس آفریدی نے بھی دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں پہلے ہی اوور میں صائم ایوب رن آئوٹ ہوئے، پھر 15 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔حارث صفر، فخر 8رنز بنا سکے، حسن نواز اور محمد نواز بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہو گئے۔کپتان سلمان علی آغا نے 23گیندوں پر 9 رنز بنائے، جب اسکور 47تک پہنچا تو خوشدل شاہ بھی 13رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے۔آل رئاونڈر فہیم اشرف نے پہلے عباس آفریدی کے ساتھ 26گیندوں پر 41رنز بنائے، پھر احمد دانیال کے ساتھ 17گیندوں پر 33رنز بنائے لیکن 19ویں اوور کی آخری گیند پر 51رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے۔آخری اوور میں 13رنز درکار تھے جب احمد دانیال نے پہلی گیند پر چوکا لگایا لیکن دوسری گیند کو زوردار ہٹ لگاتے ہوئے باونڈری لائن پر آوٹ ہو گئے۔بنگلا دیش نے میچ 8 رنز سے جیت کر 3 میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان نے بنگلا دیش کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔شیر بنگلا اسٹیڈیم میں ٹاس کے موقع پر پاکستانی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ابرار احمد کی جگہ احمد دانیال کو فائنل الیون میں شامل کیا تھا جنہوں نے آج پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا۔میچ شروع ہونے سے پہلے اسٹیڈیم میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایئر فورس طیارہ حادثے پر ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔پاکستان کی فائنل الیون میں کپتان سلمان آغا کے علاوہ فخر زمان، صائم ایوب، محمد حارث، حسن نواز، محمد نواز، خوش دل شاہ، فہیم اشرف، عباس آفریدی، سلمان مرزا اور احمد دانیال شامل تھے۔بنگلا دیش کی ٹیم میں کپتان لٹن داس کے علاوہ پرویز حسین، نعیم شیخ، توحید ہردوئے، شمیم حسین، ذاکر علی، مہدی حسن، رشاد حسین، تنظیم حسن، شریف الاسلام اور مستفیض الرحمن شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں