اسلام آباد (بیورو چیف)پارلیمانی سیکرٹری وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت فرح ناز اکبر نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ پاکستان ریلویز ملک بھر میں ٹرینوں پر اور ریلوے سٹیشنوں پر مسافروں کی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پریمیئر ٹرین سروسز جن میں گرین لائن، بزنس ایکسپریس، شالمار ایکسپریس اور کراکرم ایکسپریس شامل ہیں، انہیں مسافروں کیلئے بہتر معیار کی راحت، کیٹرنگ اور سروس ڈیلیوری کے ساتھ چلایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان ٹرینوں پر اعلیٰ معیار کی غذائی خدمات اور بہتر صفائی کے معیار کو یقینی بنایا جا رہا ہے ریلوے اسٹیشنوں پر حفظان صحت اور صفائی کو بہتر بنانیکیلئے لاہور، راولپنڈی، ملتان، خانیوال اور کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشنوں کے مینجمنٹ کو علاقائی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔




