اسلام آباد ( بیوروچیف)پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم پی ایم آئی ایف 2026دو روز تک انویسٹرز کی توجہ کا مرکز رہنے کے بعدپروقار انداز سے اختتام کو پہنچ گیا۔ پی ایم آئی ایف کی دو روزہ سرگرمیوں کے دوران سرمایہ کاری کے اہم معاہدے طے ہوئے اور متعلقہ انڈسٹریز کے لئے پاکستان کے معدنیات کے قیمتی ذخائر میں انویسٹمنٹ کرنے کے مواقع سے متعلق آگاہی میں بے پناہ اضافہ ہوا۔ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر آج فورم کے اختتامی سیشن میں شریک ہوئے۔ انہوں نے پاکستان کے معدنی وسائل میں ویلیو ایڈیشن کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس سے پہلے بلوچستان، خیبر پختونخوا، سندھ، پنجاب، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے وزرا اعلی اور گورنر نے فورم کے افتتاحی سیشن میں شرکت کی تھی۔آج جمعہ کی شام پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 پی ایم آئی ایف 2026 کے اختتامی سیشن میں وزیراعظم شہباز شریف نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے معدنی وسائل کی تلاش اور ترقی میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے انہیں سرمایہ کاری کے تحفظ اور حکومتی معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے خام معدنیات برآمد کرنے کے بجائے ملک میں پراسیسنگ اور ریفائننگ کی سہولیات قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ فورم کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان معدنی وسائل کی خام شکل میں برآمد سے آگے بڑھ کر ایسی سہولیات قائم کرے گا جہاں خام مواد کو تیار اور نیم تیار مصنوعات میں تبدیل کیا جاسکے۔ اس سے زیادہ معاشی قدر پیدا کرنے، روزگار کے مواقع بڑھانے، تکنیکی مہارتوں کو فروغ دینے اور ٹیکنالوجی کی منتقلی میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم شہباز نے انویسٹرز سے کہا، آپ کی حفاظت ہماری حفاظت ہے، انہوں نے کان کنی و معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری سے متعلق خدشات دور کرنے اور سرمایہ کاروں کو تمام درکار سہولتیں فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ گولڈمین ساکس کی اس پیش گوئی کا حوالہ دیتے ہوئے کہ پاکستان 2075 تک دنیا کی چھٹی بڑی معیشت بن سکتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ ملک یہ سنگ میل 2050 سے بھی پہلے حاصل کرلے گا۔وزیراعظم نے چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ساتھ نیشنل منرلز ڈیٹا سینٹر اور جیولوجیکل سروے آف پاکستان (جی ایس پی)جیوپورٹل کا افتتاح بھی کیا۔ ان ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا مقصد ارضیاتی معلومات تک رسائی بہتر بنانا، معدنیات کی تلاش میں معاونت کرنا، سرمایہ کاروں کے لیے غیر یقینی صورت حال کم کرنا اور باخبر سرمایہ کاری کے فیصلوں کو ممکن بنانا ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی فورم کے اختتامی سیشن میں گفتگو کی فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کا ہدف صرف خام معدنیات برآمد کرنا نہیں بلکہ ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ سمیت پوری ویلیو چین کو ملک کے اندر ترقی دینا ہے۔ انہوں نے ملکی معدنی دولت کو ٹھوس معاشی فوائد میں تبدیل کرنے کو ایک مشترکہ قومی ہدف قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ معدنی وسائل سے مالا مال علاقوں کی مقامی آبادی کو کان کنی کے منصوبوں سے براہ راست فائدہ پہنچنا چاہیے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایسی طویل مدتی شراکت داریوں کی ضرورت پر زور دیا جو پاکستان اور اس کے شراکت داروں کے لیے پائیدار قدر پیدا کریں۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ ملک کو صلاحیت سے پیداوار، وعدوں سے عملی اقدامات اور خام برآمدات سے ویلیو ایڈڈ ترقی کی جانب بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں، جبکہ اس کے عوام ان مواقع کو نتائج میں بدلنے کی اصل قوت ہیں۔فورم کے دوران ایک اہم اعلان فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کی جانب سے کیا گیا، جس نے بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے دشتِ کین میں تانبے کے ذخائر کا تخمینہ 35 کروڑ ٹن لگایا۔ یہ تخمینہ اب تک تجزیے کے لیے دستیاب ڈرلنگ ڈیٹا کے تقریبا نصف کی بنیاد پر لگایا گیا ہے۔ اس اعلان نے پاکستان میں معدنیات کی تلاش کے وسیع امکانات اور فورم میں پیش کیے گئے سرمایہ کاری کے مواقع کو مزید اجاگر کیا۔ میری منرلز نے بلوچستان میں سونے اور تانبے کے اپنے پہلے ذخائر کی دریافت کا اعلان کیا۔ نیشنل ریسورسز لمیٹڈ (این آر ایل) نے اعلان کیا کہ تقریبا 25 ہزار میٹر ڈرلنگ کے بعد بلوچستان کے ضلع چاغی میں کم از کم آٹھ پورفیری ذخائر میں تانبے اور سونے کی معدنی موجودگی دریافت کی گئی ہے۔ این آر ایل نے پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے عزم کا اعلان بھی کیا۔وفاقی وزیر برائے توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کے لیے اہمیت کے حامل اسٹریٹجک معدنیات کی تلاش پر زیادہ توجہ دے رہا ہے۔ انہوں نے جدید جیوکیمیکل اور جیو فزیکل سرویز، ایکسپلوریشن ڈرلنگ اور جدید تجزیاتی ٹیکنالوجیز سے لیس جیو سائنس لیبارٹریوں کی بہتری کے لیے جاری کوششوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے چاغی اور مغربی بلوچستان میں تانبے اور سونے، گلگت بلتستان میں لیتھیم، ٹن اور ٹنگسٹن، جبکہ خیبر پختونخوا میں اینٹی منی اور بنیادی دھاتوں کے امکانات کا ذکر کیا۔ وزیر توانائی نے کہا کہ پاکستان مقامی پراسیسنگ اور ریفائننگ کے ذریعے معدنیات کی ویلیو چین میں اپنا حصہ بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے، جس میں تانبے کی سملٹنگ کے قیام کی جانب پیش رفت بھی شامل ہے۔ انہوں نے جیولوجیکل سروے آف پاکستان کے تیز رفتار ارضیاتی نقشہ سازی کے پروگرام کو اجاگر کیا، جس میں 1:50,000 کے پیمانے پر سرویز بھی شامل ہیں۔ انہوں نے ڈیجیٹل نقشہ سازی، فضائی سرویز اور معدنیات کے جائزے کے شعبوں میں استعداد بڑھانے کے لیے بین الاقوامی تکنیکی تعاون کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ارضیاتی ریکارڈ کو ڈیجیٹل شکل دینے سے سرمایہ کاروں کو قابلِ اعتماد معلومات تک رسائی ملے گی اور معدنیات کی تلاش سے وابستہ خطرات کم ہوں گے۔علی پرویز ملک نے کہا کہ کان کنی کے منصوبوں کی تجارتی کامیابی کے لیے بجلی، پانی، سڑکوں، ریلوے اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی سمیت معاون بنیادی ڈھانچے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے روہڑی۔نوکنڈی ریلوے کوریڈور کی مجوزہ اپ گریڈیشن، پورٹ قاسم سے رابطے اور ریکوڈک کے اطراف بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو معدنی وسائل سے مالا مال علاقوں کو عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے کے اہم اقدامات قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ سرمایہ کاری کے نتیجے میں پراسیسنگ، ریفائننگ، ڈان اسٹریم صنعتوں، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مقامی ہنرمندی و سپلائرز کی ترقی کو فروغ ملے، جبکہ کان کنی کے منصوبوں کے لیے مقامی آبادی کا اعتماد بھی یقینی بنایا جائے۔ فورم کے دوران پاکستانی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے درمیان 13 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز)پر دستخط بھی کیے گئے۔




