راولپنڈی (بیورو چیف)وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کوٹیکنالوجی کا صرف صارف نہیں ،تخلیق کار بننا ہوگا۔وفاقی دارالحکومت میں پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے تاریخی موقع پر خطاب کرتے احسن اقبال نے کہا کہ مصنوعی ذہانت مستقبل کی دنیا کا تعین کرے گی، خواتین پاکستان کی نالج ریولوشن کی معمارہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ٹیکنالوجی کا صرف صارف نہیں بلکہ تخلیق کاربننا ہوگا جو قومیں نئی ٹیکنالوجی اپناتی وہ ترقی کرتی ہیں۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ پاکستان کواے آئی انقلاب کا حصہ بننا ہوگا ورنہ دنیا سے پیچھے رہ جائیں گے، ٹیکنالوجی قومی تقدیر بدل سکتی ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان-چائنا فرینڈشپ سینٹر کی یہ شاندار ثقافتی شام محض ایک تقریب نہیں بلکہ دو عظیم تہذیبوں کے لازوال اور آہنی رشتے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کے 75سال، ایک ایسا لازوال رشتہ جسے وقت نے آزمایا اور باہمی اعتماد نے مزید مضبوط کیا، یہ محض سفارت کاری نہیں، بلکہ نسلوں کا وہ سفر ہے جس نے دونوں ملکوں کے دلوں کو جوڑے رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تاریخی منصوبوں سے لے کر مشترکہ خوشحالی کے نئے سنگ میل تک ہمارا یہ سفر اب آگے نئے باب کی طرف گامزن ہے، یہ شراکت داری ہر گزرتے دن کیساتھ مزید گہری اور مضبوط ہو رہی ہے۔




