پاک چین دوستی مشترکہ شراکت داری کی بہترین مثال

اسلام آباد (بیوروچیف)پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر گلوبل ٹائمز نے پاک چین دوستی کو مضبوط، قابلِ اعتماد اور مثالی شراکت داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی سٹریٹجک تعاون، باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور طویل عرصے پر مشتمل شراکت داری پر قائم ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ 75برسوں کے دوران عالمی سیاسی تبدیلیوں، معاشی اتار چڑھا اور مختلف چیلنجز کے باوجود پاکستان اور چین کے تعلقات مسلسل مضبوط ہوئے ہیں، اگرچہ بین الاقوامی تعلقات عموما مفادات کے گرد گھومتے ہیں، تاہم پاک چین دوستی پائیدار اعتماد اور غیر متزلزل تعاون کی ایک منفرد مثال ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان اور چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، چین نے اقوام متحدہ سمیت مختلف بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت سے متعلق مقف کی سفارتی حمایت کی، جبکہ پاکستان نے بھی عالمی سطح پر چین کو ایک قابلِ اعتماد دوست اور شراکت دار کے طور پر سپورٹ کیا۔رپورٹ کے مطابق پاک چین تعلقات صرف معاشی مفادات تک محدود نہیں بلکہ یہ گہری سٹریٹجک شراکت داری، باہمی احترام اور جذباتی وابستگی پر مبنی ہیں، پاکستان ان ابتدائی ممالک میں شامل تھا جنہوں نے آزاد خارجہ پالیسی اور تعمیری سفارتکاری کے تحت چین کو تسلیم کیا۔رپورٹ مزید کہا گیا ہے کہ سکیورٹی چیلنجز کے باوجود پاکستان ملک میں چینی سرمایہ کاری کے فروغ اور چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون خصوصا چین پاکستان اقتصادی راہداری سی پیک کے ذریعے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جو مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے خواب کی تعبیر میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ماہرین کے مطابق پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی اور موثر عسکری و سفارتی حکمت عملی نے چین، امریکہ اور دیگر اہم ممالک کے ساتھ باہمی احترام پر مبنی تعلقات کو فروغ دیا ہے، عالمی اور علاقائی چیلنجز کے باوجود پاکستان ایک ثابت قدم اور قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر ابھرا ہے۔ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات محض سفارتی روابط نہیں بلکہ باہمی احترام، مشترکہ ترقی اور آہنی بھائی چارے کی علامت ہیں، جو خطے کے استحکام اور ترقی میں اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں