پرائمری ومڈل کے اساتذہ کو انٹر کے مضامین پڑھانے کی اجازت

فیصل آباد(ایجوکیشن رپورٹر) سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد رائو عبدالکریم نے کہا ہے کہ پرائمری و مڈل سکولوں میں تعینات اساتذہ ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں میں انٹرمیڈیٹ کلاسز کے مضامین بھی پڑھا سکتے ہیں، اس میں کوئی مسئلہ نہیں، کیونکہ پی ایس ٹی اور ای ایس ٹی اساتذہ تمام بنیادی مضامین کی تعلیم حاصل کر چکے ہیںتفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں رائو عبدالکریم نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے دستیاب افرادی قوت سے بھرپور استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ جہاں ہائی یا ہائیر سیکنڈری سکولوں میں اساتذہ کی کمی ہے، وہاں ضرورت کے مطابق پی ایس ٹی اور ای ایس ٹی اساتذہ سے کلاسز لی جا سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پرائمری اور مڈل سکولوں کے اساتذہ تعلیم یافتہ اور تربیت یافتہ ہیں اور مختلف مضامین پڑھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اس لیے انہیں ضرورت کے مطابق ہائی و ہائیر سیکنڈری سطح پر تدریسی ذمہ داریاں سونپنے میں کوئی مسئلہ نہیں۔رائو عبدالکریم نے مزید کہا کہ آئندہ ہونے والے ٹرانسفر رائونڈ میں ایسے سرکاری سکولوں کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے گا جہاں اساتذہ کی کمی موجود ہے۔ کوشش کی جائے گی کہ ٹرانسفر پالیسی کے تحت زیادہ سے زیادہ سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کیا جا سکے تاکہ طلبہ کی تعلیم متاثر نہ ہو اور تدریسی عمل بلا تعطل جاری رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں