فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) اس سال پرائیویٹ حج سکیم کے تحت 60ہزار عازمین فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ حجاج اکرام کے لیے تربیتی نشستوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں ایک بڑی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔الباسط منظم (کاروان اشرفیہ، سکھیرہ ٹریول، شامکو ٹریولز اور کاروان سیف اللہ) کے زیر اہتمام تربیتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز عالم دین، شیخ الحدیث جامعہ اشرفیہ، مولانا محمد یوسف خان نے کہا کہ حج بیت اللہ کی سعادت ہر مسلمان کی زندگی کی سب سے بڑی آرزو ہے جو انسان میں بڑی تبدیلی پیدا کر کے قربتِ الہی کا سبب بنتی ہے۔ملک کے ممتاز موٹیویشنل اسپیکر سید قاسم علی شاہ نے کہا کہ حج کا روحانی سفر انسان کے اندر غیر معمولی روحانی تبدیلیاں پیدا کرتا ہے۔ سفرِ حج کے مشاہدات، تجربات اور حرمین شریفین کے پاکیزہ ماحول اور مشاعرِ مقدسہ میں عبادت بہترین توشہ آخرت ہے۔ ہر مسلمان کو پہلی فرصت میں حج کی سعادت حاصل کرنی چاہیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کلسٹر ڈائریکٹر محمد صداقت نے کہا کہ عازمین حج کی خدمت اور عالمی معیار کی کی سہولتیں مہیا کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ پاکستان اور اوورسیز سے ہمارے ساتھ سفر کا فیصلہ کرنے والوں کے مشکور ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ ان کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔چیف ایگزیکٹو الباسط منظم عثمان ڈوچکی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عازمین حج کو چاہیے کہ وہ اپنے آپ کو عبادت تک محدود رکھیں۔ وہ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر ہیں، لہذا وطنِ عزیز کے لیے نیک نامی کا باعث بنیں۔ماہرِ حج و عمرہ امور و سعودی پالیسی حافظ شفیق کاشف نے کہا کہ نجی شعبہ سعودی عرب میں حج کے مثالی انتظامات کر رہا ہے، جنہیں سعودی عرب میں سرکاری سطح پر بھی سراہا جاتا ہے۔تربیتی نشست سے سینئر کنسلٹنٹ ایمرجنسی ڈاکٹر سلیم ناصر نے حجاج کرام کو دورانِ حج صحت کے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے اہم رہنمائی فراہم کی، جبکہ دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر حافظ زبیر حسن، چیف ایگزیکٹو کاروان اشرفیہ، نور محمد سکھیرہ، چیف ایگزیکٹو سکھیرہ ٹریول، اور وقاص احمد، چیف ایگزیکٹو شامکو ٹریول نے خصوصی شرکت کی۔




