پرنٹنگ پریس خراب،شہریوں کے2ماہ سے ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی بند

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ٹریفک پولیس کی توجہ شہریوں کے چالان کرنے پر مرکوز’ دو ماہ سے پرنٹنگ پریس خراب ہونے سے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء بند’ شہری ٹریفک پولیس کے دفاتر چکر لگانے پر مجبور’ چند روز بعد ڈرائیونگ لائسنس ملنے کی نوید سنا کر گھروں کو بھیج دیا جاتا ہے۔ تفصیل کے مطابق ٹریفک پولیس روزانہ کی بنیاد پر موٹرسائیکلوں’ کاروں اور دیگر وہیکلز کے لیے ڈرائیورز کے ٹیسٹ سے لیکر ڈرائیونگ لائسنس بناتی ہے اور ڈرائیونگ لائسنس کے ری نیو کا سلسلہ بھی روزانہ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے اور ٹریفک پولیس لائسنس بنانے کیلئے روزانہ لاکھوں روپے بطور فیس وصول کرتی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ شہریوں کے دھڑا دھڑ چالانوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ تاہم دو ماہ سے ڈرائیونگ لائسنس بنانے والا پرنٹنگ پریس خراب پڑا ہے اور دو ماہ سے جن شہریوں کے ڈرائیونگ لائسنس بننے کیلئے گئے ہیں وہ خوار ہو رہے ہیں جبکہ ان کے آن لائن پورٹل پر بھی ڈرائیونگ لائسنس (پراسیس) کا میسج آتا ہے۔ روزانہ کروڑوں روپے کی فیسیں اور چالان کی رقوم اکٹھی کرنے کے باوجود ٹریفک پولیس لائسنس بنانے والے پرنٹنگ پریس کو درست نہ کروا سکی ہے۔ شہری حلقوں نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس بنانے والے پرنٹنگ پریس کو فوری مرمت کر کے شہریوں کے ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں