پمز ہسپتال میں آتشزدگی ،جاں بحق 14بچے سپردخاک،ہر آنکھ اشکبار،انکوائری کمیٹی تشکیل

اسلام آباد ( بیو رو چیف) پمز ہسپتال میں آگ لگنے سے جاں بحق ہونے والے14بچے سپرد خاک، ہر آنکھ اشکبار،ماؤں پر غشی کے دورے ،ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ نرسری میں ایئر کنڈیشن کمپریسر پھٹنے سے نرسری میں آگ صبح 6 بج کر 45 منٹ پر لگی۔پمزہسپتال کے حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے وقت نرسری میں 15 بچے تھے، آگ لگنے سے 14 بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک کو بچا لیا گیا۔والدین نے الزام عائد کیا ہے کہ جس وقت آگ لگی عملہ انکیوبیشن سینٹر میں نہیں تھا، نرسری میں نہ گائنی ڈاکٹر موجود تھی اور نہ ہی کوئی دوسرا عملہ موجود تھا، این آئی سی یو کا دروازہ بھی لاک تھا، واقعے کے 2 گھنٹے بعد ریسکیو اور 4 گھنٹے بعد پولیس پہنچی۔بعدازاں پمزاسپتال کے ایم سی ایچ وارڈ کو سیل کر دیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں، امدادی کارروائیوں میں فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں اور 4 ایمبولینسز نے حصہ لیا، آگ پمز ہسپتال کی ایم سی ایچ وارڈ کے تیسرے فلور پر لگی۔،ہسپتال انتظامیہ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق این آئی سی یو میں انکوبیٹر کے ساتھ آکسیجن کی مقدار بتانے والا نیبولائزر پھٹا جس سے آکسیجن نے آگ پکڑ لی۔ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آگ سے دھواں پیدا ہوا اور وہ پائپ کے ذریعہ بچوں کے سانس میں گیا، بچوں کی موت آکسیجن بند ہونے اور جھلسنے سے ہوئی۔وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سانحہ پمز کی انکوائری کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، ریٹائرڈ وفاقی سیکریٹری شاہد خان انکوائری کمیٹی کے سربراہ مقرر کیے گئے ہیں۔میجر جنرل (ر) ڈاکٹر خورشید اتر کمیٹی کے رکن ہوں گے جبکہ ڈاکٹر بیرسٹر نبیل اعوان اور ڈی سی اسلام آباد بھی کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔ انکوائری کمیٹی کے ٹرمز آف ریفرنس جاری کردیے گئے۔کمیٹی واقعے میں ملوث افراد کی غفلت اور ذمہ داری کا تعین کرے گی، کمیٹی آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اصلاحات کی سفارشات تیار کرے گی، دو دن میں عبوری اور پانچ دن میں جامع رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔دریں ثناء ۔اسلام آباد (بیوروچیف) پمز اسپتال میں نومولود بچوں کی ہلاکت کے المناک واقعے پر اقوام متحدہ، سعودی عرب اور ایران نے پاکستان سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں حکومت پاکستان اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں،پاکستان اور اس کے برادر عوام کے لیے امن و سلامتی کی دعا کرتے ہیں۔ترجمان اقوام متحدہ نے سانحہ پمزکو المناک واقعہ قرار دیتے ہوئے جاں بحق بچوں کے والدین اور اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ایران نے بھی سانحہ پمز پر افسوس کا اظہار کیا اورمتاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا، تینوں ممالک نے اس افسوسناک سانحے پر متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں شریک ہونے کا اظہار کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں