لاہور (بیوروچیف)بنگلہ دیش کے سینئر سول افسران پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد نے سول سروسز اکیڈمی پنجاب کی سربراہی میں بورڈ آف ریونیو پنجاب کا دورہ کیا اور سنئیر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری بورڈ آف ریونیو شفقت اللہ مشتاق، ڈائریکٹر سول سروسز اکیڈمی شبیر اکبر زیدی، ڈی جی پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اکرام الحق اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔وفد کو پنجاب میں لینڈ مینجمنٹ ریفارمز، ڈیجیٹلائزیشن اور عوامی خدمات کی بہتری کیلئے متعارف کروائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ حکومت پنجاب نے عوامی خدمات اور شفافیت کے فروغ کیلئے لینڈ مینجمنٹ کے اہم ڈیجیٹل پراجیکٹس متعارف کروائے ہیں، جن سے نظامِ اراضی میں شفافیت، سہولت اور کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔اعلیٰ سطحی وفد کو اوورسیز پاکستانیوں کیلئے متعارف کروائی گئی خصوصی سہولیات اور فرنچائز سسٹم سے بھی آگاہ کیا گیا، جس کے تحت شہریوں کو رجسٹریشن اور اراضی سے متعلقہ امور میں آسانیاں فراہم کی جا رہی ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سنئیر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب بھر میں اصلاحات کا عمل جاری ہے اور جدید، آسان اور شفاف نظام کے ذریعے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں شفاف نظامِ اراضی سے عوامی اعتماد اور سہولت میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے لینڈ مینجمنٹ سسٹم کے حوالے سے بنگلہ دیش کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔بنگلہ دیش کے سینئر سول افسران کے وفد نے حکومت پنجاب کی اصلاحات، ڈیجیٹلائزیشن اور جدید نظام کو سراہتے ہوئے ان اقدامات کو مثالی قرار دیا۔دورے کے اختتام پر شرکاء کو حکومت پنجاب کی جانب سے یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔




