پنجاب یوتھ گیمز کے کامیاب انعقاد کیلئے متعلقہ محکمے ذمہ داریاں ادا کریں

سرگودھا (بیوروچیف) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت وزیراعلیٰ پنجاب یوتھ گیمز 2026 کے انتظامات اور تیاریوں کے حوالے سے ڈویژنل آرگنائزنگ کمیٹی کا ویڈیو لنک اجلاس کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد، نوجوانوں کی بھرپور شرکت اور متعلقہ محکموں کے مابین مؤثر رابطہ کاری کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، ڈویژنل سپورٹس آفیسر، ڈائریکٹر کالجز، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن، ریجنل پولیس آفیسر کے نمائندے، یونیورسٹی آف سرگودھا کے نمائندے، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی، محکمہ سکل ڈویلپمنٹ اور ٹیوٹا کے نمائندگان، ڈائریکٹر لیبر، چیف ایگزیکٹو آفیسرز ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز، سپورٹس ایسوسی ایشنز، پرائیویٹ کالجز اور سکولز ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے شرکت کی۔کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب یوتھ گیمز 2026 کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں اور باہمی رابطہ کاری کے ذریعے انتظامی امور بروقت مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھرپور مواقع فراہم کرنا حکومتِ پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ تعلیمی اداروں کی سطح پر طلبہ و طالبات کی شرکت یقینی بنانے اور کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جائے۔ڈویژنل سپورٹس آفیسر نے اجلاس کو بتایا کہ پنجاب یوتھ گیمز 2026 کے لیے سرگودھا ڈویژن میں اب تک تین لاکھ سے زائد بچوں نے آن لائن پورٹل پر رجسٹریشن کروا لی ہے۔ رجسٹرڈ بچوں میں سرکاری و نجی سکولوں، کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات شامل ہیں۔ انہوں نے رجسٹریشن کے عمل اور نوجوانوں کی شرکت کے حوالے سے پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔کمشنر حافظ شوکت علی نے مزید ہدایت کی کہ کھیلوں کے مقابلوں کے دوران نظم و ضبط، سکیورٹی اور دیگر ضروری انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جائے اور پنجاب یوتھ گیمز 2026 کو کامیاب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں