ٹھیکریوالہ (نامہ نگار)تھانہ ٹھیکریوالہ کے علاقہ میں پولیس مقابلہ، خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار,تفصیلات کے مطابق اے ایس آئی نوید اسلم ملازمان کے ہمراہ زیرِ حراست ملزم ندیم کو مقدمہ نمبر 486/25 بجرم 392 ت پ تھانہ ائیرپورٹ میں انکوائری کے لیے منتقل کر رہے تھے۔ڈینگا پھاٹک کے قریب اچانک چار نامعلوم مسلح ملزمان دو موٹر سائیکلوں پر نمودار ہوئے اور پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کرکے ملزم ندیم کو چھڑوا کر فرار ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ ٹھیکریوالہ واجد حسین، جو 78 جودی سر شمیر روڈ پر گشت پر موجود تھے، نے علاقے میں فوری الرٹ جاری کر دیا۔ اسی دوران عباس پور روڈ کی سمت سے پانچ مشکوک موٹر سائیکل سوار دیکھے گئے جنہیں رکنے کا اشارہ کیا گیا مگر انہوں نے سیدھی فائرنگ کر دی۔پولیس نے حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ رکنے پر علاقے کا جائزہ لیا گیا تو ملزم ندیم عرف دیما زخمی حالت میں زمین پر پڑا ملا، جو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مضروب ہوا تھا۔ ملزم کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ساتھی ملزمان تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں کڑی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم ندیم عرف دیما ڈیڑھ درجن سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ، متعدد مقدمات میں اشتہاری اور پولیس کو انتہائی مطلوب تھا۔




