فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پیرافورس کے ایس ڈی او نعمان مجید نے عملہ کے ہمراہ چوک گھنٹہ گھر سے ریگل روڈ’ بانو بازار’ انار کلی مارکیٹ میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کرتے ہوئے متعدد دکانوں کو سیل کر دیا جبکہ دیگر تاجروں کو وارننگ دیتے ہوئے تنبیہ کی کہ وہ پیدل چلنے والوں کیلئے فٹ پاتھ کو خالی رکھیں اور دکانوں کے باہر سامان ہرگز نہ رکھیں ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تفصیل کے مطابق پیرافورس کی ٹیموں نے آٹھ بازاروں سے ملحقہ بازاروں کا سرپرائز وزٹ کرتے ہوئے دکانوں کے باہر فٹ پاتھ پر سامان رکھنے والے تاجروں کی درجن بھر سے زائد شاپس کو سیل کر دیا اور کئی دکانداروں کو آخری وارننگ جاری کر دیں۔ پیرا حکام کا کہنا تھا کہ کسی بھی صورت فٹ پاتھ اور دکانوں کے باہر سامان نہ رکھیں، عوامی راستوں کو مکمل طور پر کھلا رکھا جائے۔ جو بھی دکاندار تجاوزات کرتا ہوا پایا گیا اس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہو گی۔ جو بھی دوبارہ تجاوزات میں ملوث پایا گیا اس کی دکان سیل اور بھاری جرمانہ کا سامنا کرنا پڑے گا۔




