فیصل آبا د( سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے راہنمااورسابق یو سی ناظم وچیئرمین سی سی28گلستان کالونی ،ممبرامن کمیٹی میاںطاہر ایوب نے کہاہے کہ شہر بھر میں پیشہ ور بھکاریوں کے منظم گروہوں نے شہریوںکی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے۔گلیوں، بازاروں، مساجد، چوراہوں ، مارکیٹوں اور ٹریفک سگنلزپرمیں بھکاریوں کی یلغار نے ثابت کر دیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ شہریوں کو ہر قدم پر بھکاریوں کے ہجوم کا سامنا ہے جس سے نہ صرف عام لوگوں کو شدید ذہنی اذیت ہو رہی ہے بلکہ شہر کا نظم و ضبط بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ منظم بھکاری مافیا کی شکل اختیار کر چکا ہے جو ہمدردی کا فائدہ اٹھا کر شہریوں کو لوٹ رہا ہے۔ کم سن بچوں اور خواتین کو بھیک مانگنے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ انتظامیہ مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔




