چشمہ شوگر ملز کے مغوی ملازمین تا حال لا پتہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( نامہ نگار)چشمہ شوگر ملز کے مغوی ملازمین کی بازیابی کیلئے سی ٹی ڈی کا آپریشن جاری ہے تاہم تاحال مغویوں کا سراغ نہیں مل سکا۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ مغویوں کو کسی دوسری جگہ منتقل کئے جانے کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر سی ٹی ڈی نے کارروائی کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔ دوسری جانب جماعت اسلامی کے وفد نے مغوی ملازمین کے اہلِ خانہ سے ملاقات کر کے انکے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ وفد نے ڈی ایس پی پروآ سرکل صغیر گیلانی اور ایس ایچ او پروآ عظیم وزیر سے بھی ان کے دفتر میں ملاقات کی، جہاں مغوی ملازمین کے معاملے پر تفصیلات حاصل کی گئیں اور ان کی جلد و بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا گیا۔واضح رہے کہ انڈس ہائی وے پر چیڑا مائنر کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے مسافر کوچ اور چشمہ شوگر ملز کی بس سے متعدد افراد کو مبینہ طور پر اغوا ء کر لیا تھا۔اغوا ء کے خلاف لواحقین اور اہالیانِ علاقہ نے پروا اڈا کے مقام پر انڈس ہائی وے کو بند کر کے احتجاج بھی کیا۔بعد ازاں گاڑیوں سے اتارے گئے ارسلان، ماجد، کاشف، شیراز اور حماد کو چھوڑ دیا گیا جنہوں نے بتایا کہ وہ تقریباً چار گھنٹے پیدل چل کر واپس پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔تاہم بتایا گیا ہے کہ 17 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ پولیس کے مطابق مغویوں کی بازیابی کیلئے آپریشن جاری ہے اور مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں