پتوکی (نامہ نگار) پتوکی کے نواحی گائوں جودھ سنگھ میں مسجد کے غلے سے چندہ چوری کرنے والا ایک شخص کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے امام اور مسجد انتظامیہ کے 6افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس کے مطابق پتوکی کے نواحی گائوں جودھ سنگھ کی مسجد کے غلے سے چندہ کی روزانہ چوری سے تنگ امام مسجد نے غلے میں خفیہ طور پر کرنٹ چھوڑ دیا تھا جو دن کو اتار لیا جاتا اور رات کو چلا دیا جاتا تھا۔ وقوعہ کے روز ایک شخص نے غلے سے پیسے چوری کرنے کی غرض سے جب ہاتھ ڈالا تو کرنٹ لگنے اس کی موت واقع ہو گئی۔ مرنیوالے شخص کی شناخت تنویر کے نام سے ہوئی ہے، وہ نشہ کا عادی تھا اور جودسنگھ کا ہی رہائشی تھا۔ پتوکی پولیس نے اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر کاروائی شروع کردی،تھانہ صدرپتوکی میں مقدمہ درج ہوگیا ہے امام اور مسجد انتظامیہ کے چھ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔تاہم مرنیوالے شخص کے ورثاء نے کاروائی نہ کرنے کا بیان حلفی کا اشٹام دے دیا ہے۔




