چھت گرنے ،کرنٹ لگنے سے4سالہ بچی سمیت 2افرادجاں بحق

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 4سالہ بچی سمیت دو افراد جاں بحق’ 2زخمی ہو گئے جبکہ ریسکیو1122 کے عملہ نے تیز رفتاری کے باعث نہر میں گرنے والے کار سوار کو بچے سمیت بچا لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقہ محلہ شریف پورہ میں دکان کا شٹر بند ہوتے کرنٹ لگنے سے 22سالہ دکاندار رحمن ولد عارف لقمہ اجل بن گیا۔ بارش کی وجہ سے شٹر میں کرنٹ آیا ہوا تھا کہ رحمن کو علم نہ ہوا، اچانک اس نے شٹر بند کیا تو کرنٹ لگنے سے زندگی کی بازی ہار گیا۔ جبکہ روشن والی جھال بائی پاس سے فیضان مدینہ نزد چنیوٹ ہوٹل کے قریب بارش کے دوران خستہ حال چھت گرنے سے 4سالہ ہانیہ دختر صدیق’ 20سالہ علی حسن ولد محمد اسلم اور 36سالہ محمد حنیف ولد محمد سرور ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی تو 4سالہ ہانیہ دم توڑ چکی تھی جبکہ دیگر کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ علاوہ ازیں کینال روڈ پر لائلپور گیلریا کے قریب تیز رفتار کار کا ٹائر بریسٹ ہونے سے بے قابو ہو کر نہر میں جاگری۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کے غوطہ خوروں نے پیشہ ور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کار سوار 25سالہ حسنین اور 2سالہ عظیم کو بحفاظت نہر سے نکال لیا۔ بعدازاں کرین کے ذریعے کار کو بھی نہر سے نکال کر مالک کے حوالے کر دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں