لاہور (بیوروچیف) پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس کارڈز کی گھروں تک ترسیل کا نظام جدید بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا، شہری اب اپنے لائسنس کی ڈیلیوری کی صورتحال اور موجودہ لوکیشن آن لائن لائیو ٹریک کرسکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت اور ٹریفک پولیس نے ڈرائیونگ لائسنس کارڈز کی ڈیلیوری میں تاخیر کے مسئلے کے حل کیلئے پوسٹل ڈیلیوری سسٹم کو ٹریفک پولیس کے لائسنس انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے موجودہ نظام میں ڈلمز پورٹل پر صرف لائسنس کارڈ کی پروسیسنگ اور پرنٹنگ کی صورتحال دیکھی جاسکتی ہے، تاہم نئے ڈیٹا انٹیگریشن کے بعد ڈیلیوری سے متعلق معلومات بھی آن لائن دستیاب ہوں گی۔نئے نظام کے تحت ٹریفک پولیس کی جانب سے لائسنس کارڈ پوسٹ آفس کے حوالے کرنے، ڈیلیوری کے مختلف مراحل اور موجودہ مقام سے متعلق تفصیلات سسٹم پر دیکھی جاسکیں گی حکام کے مطابق ماضی میں ڈیلیوری سے متعلق ڈیٹا کی جانچ پڑتال میں ٹریفک پولیس کو مشکلات کا سامنا تھا، جس کے حل کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے رابطہ کیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ سسٹم کی مکمل انٹیگریشن سے لائسنس کارڈز کی ٹریکنگ بہتر اور ڈیلیوری کا عمل مزید شفاف ہوگا، جبکہ شہریوں کو اپنے کارڈز مقررہ وقت میں موصول ہونے میں بھی مدد ملے گی۔




