اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان میں عام استعمال کی 100سے زائد ادویات کی قیمتوں میں گزشتہ سال فروری سے اوسطا 32فیصد اضافہ ہوا ہے، یہ اضافہ اس وقت شروع ہوا جب نگران حکومت نے اپنی ڈی ریگولیشن پالیسی کے تحت قیمتوں پر عائد پابندیاں ختم کردی تھیں۔اس اقدام نے سرکاری حکام میں تشویش پیدا کردی ہے اور ادویہ ساز صنعت سے وضاحت طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ قیمتوں میں اتنا بڑا اضافہ کیوں کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق ادویات کی قیمتوں میں اس تیز اضافے نے نہ صرف عوامی غیض و غضب کو ہوا دی ہے بلکہ حکام کو بھی حیران کر دیا ہے، کیونکہ حکومت کو توقع تھی کہ قیمتوں کے آزادانہ تعین سے مسابقت بڑھے گی اور صارفین کے لیے قیمتیں نیچے آئیں گی، مگر نتیجہ اس کے برعکس نکلا۔یہ صورتحال ایک قومی سروے کی ابتدائی رپورٹ سے سامنے آئی ہے جو وزیراعظم کی ہدایت پر شروع کیا گیا تھا، اس کی وجہ عوام، ہسپتالوں اور صوبائی محکمہ صحت کی شکایات تھیں کہ ادویات کی قیمتیں بے تحاشہ بڑھ گئی ہیں۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈی نیشن کے چیئرمین سینیٹر عامر ولی الدین چشتی نے بتایا کہ وفاقی وزارت صحت اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا ہے کہ نگران حکومت کی جانب سے غیر ضروری ادویات کی ڈی ریگولیشن کے بعد سے مجموعی طور پر 32 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔




