کالی مرچ کے صحت پر حیران کن اثرات

کراچی ( بیو رو چیف )کالی مرچ جسے کبھی کالا سونا بھی قرار دیا جاتا تھا، صدیوں سے کھانوں کا لازمی جزو رہی ہے، یہ نہ صرف ذائقہ بڑھاتی ہے بلکہ کھانے کو محفوظ رکھنے اور صحت کے کئی فوائد فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔پاکستان میں کالی مرچ بنیادی طور پر جنوب اور شمال مغربی علاقوں کے گرم و مرطوب حصوں میں تجرباتی طور پر اگائی جاتی ہے، جبکہ زیادہ تر مارکیٹ کی کالی مرچ درآمد شدہ ہوتی ہے۔ آج دنیا کی تقریبا 39 فیصد کالی مرچ ویتنام، 15 فیصد انڈونیشیا، اور بھارت و برازیل تقریبا 10 فیصد پیدا کرتے ہیں۔کالی مرچ میں موجود پائپیرین اینٹی آکسیڈینٹ خصوصیات کے ساتھ غذائی اجزا کے جذب کو بہتر بناتا ہے۔ یہ ہاضمہ کو مضبوط، آنتوں کی صحت کو بہتر اور سفید خون کے خلیات کو فعال کر کے مدافعتی نظام کو مضبوط کرتا ہے۔کالی مرچ جسم میں وٹامنز اور معدنیات کے جذب کو بڑھاتی ہے، جس سے صحت بہتر رہتی ہے۔یہ معدے کی طاقت بڑھاتی ہے اور خوراک آسانی سے ہضم ہوتی ہے۔ گیس اور پیٹ پھولنے کی شکایت کم ہوتی ہے۔کالی مرچ جسم کے دفاعی نظام کو طاقتور بناتی ہے اور بیماریوں سے لڑنے میں مدد دیتی ہے۔یہ خلیات کو نقصان سے بچاتی ہے اور دل اور دماغ کی صحت کے لیے فائدہ مند ہے۔مینگنیز کی موجودگی سے ہڈیاں مضبوط رہتی ہیں، زخم جلد بھرنے میں مدد ملتی ہے اور جوڑ صحت مند رہتے ہیں۔کالی مرچ خون کی چربی کو کنٹرول کرتی ہے اور دل کی صحت بہتر رکھتی ہے۔کالی مرچ وٹامن K ، E، A، B1، B2، B5،B6 کے علاوہ مینگنیز، تانبا، لوہا، کیلشیم، فاسفورس، پوٹاشیم، سیلینیم، زنک اور کرومیم سے بھی بھرپور ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں