کمالیہ میں6سے8گھنٹے بجلی بند،معمولات زندگی بری طرح متاثر

کمالیہ(نامہ نگار)کمالیہ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا ہے جس کے باعث شہری علاقوں میں روزانہ 6گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 8گھنٹے تک بجلی کی بندش معمول بن چکی ہے ۔ طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ سے نہ صرف معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں بلکہ صنعتی سرگرمیاں بھی سست روی کا شکار ہیں۔خصوصی طور پر پاور لوم انڈسٹری شدید بحران سے دوچار ہو گئی ہے ، جہاں بجلی کی غیر یقینی فراہمی کے باعث پیداوار میں نمایاں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے ۔ صنعت سے وابستہ مزدور طبقہ بھی شدید پریشانی کا شکار ہے اور انہیں روزگار کے حوالے سے خدشات لاحق ہیں۔دوسری جانب فیسکو کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کمالیہ میں لوڈشیڈنگ مقامی سطح پر نہیں کی جا رہی بلکہ واپڈا کے مین سسٹم سے موصول ہونے والی ہدایات کے بعد ہی بجلی کی فراہمی معطل کی جاتی ہے ۔ شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیا جائے اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ معمولاتِ زندگی اور کاروباری سرگرمیاں بحال ہو سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں