کمالیہ کا موضع محرم کا ٹھیا سمیت متعدد علاقوں کی سڑکیں خستہ حالی کا شکار

کمالیہ(نامہ نگار)گزشتہ سال راوی میں آنیوالے سپر فلڈ کے بعد حکومت پنجاب کی جا نب سے سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے کروڑوں روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ، تاہم موضع محرم کاٹھیا سمیت بعض علاقوں میں متاثرہ سڑکیں تاحال خستہ حالی کا شکار ہیں۔ محرم کاٹھیا سے راوی پروٹیکشن بند کو ملانے والی مین لنک سڑک سیلاب اور دریائی کٹا ئوکے باعث بری طرح متاثر ہوئی اور اس کا سولنگ مکمل طور پر ٹوٹ چکا ہے ۔کمالیہ بار ایسوسی ایشن کے ممبر مہر محمد جاوید مشتاق کاٹھیا ایڈووکیٹ ہائیکورٹ نے مطالبہ کیا ہے کہ فلڈ ری ہیبلیٹیشن کے تحت جاری فنڈز اور متعلقہ ٹینڈرز کا شفاف آڈٹ کرایا جائے اور انتظامیہ متاثرہ علاقوں کا موقع پر معائنہ کرے ۔ انہوں نے کہا کہ بعض سڑکوں پر تعمیر و مرمت کے بجائے صرف مٹی ڈالنے سے مسئلہ حل نہیں ہوا، جبکہ گردوغبار سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔مہر جاوید کاٹھیا ایڈووکیٹ نے کہا کہ گنے کا کرشنگ سیزن قریب ہے اور محرم کاٹھیا سمیت گردونواح کے کئی دیہات سے گنا اسی سڑک کے ذریعے شوگر ملز تک پہنچایا جاتا ہے ۔ سڑک بحال نہ ہونے کی صورت میں کسانوں کو گنے کی ترسیل میں مشکلات اور معاشی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ سے سڑک کا فوری معائنہ، فنڈز و ٹینڈرز کی انکوائری اور کرشنگ سیزن سے قبل سڑک کی پائیدار بحالی یقینی بنانیکا مطالبہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں