لاہور (بیوروچیف) پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے والے شہریوں کی حفاظت کے لیے ٹریفک حکام کی جانب سے شہر بھر میں کمرشل گاڑیوں اور ڈرائیورز کی بڑے پیمانے پر اسکریننگ کی گئی، جس میں متعدد ڈرائیورز کے مجرمانہ ریکارڈ کا انکشاف ہوا ہے۔ٹریفک حکام کے مطابق شہر بھر میں 251گڈز اور مسافر بس اڈوں کی اسکریننگ کے دوران 2ہزار 562 گاڑیوں اور 2ہزار 580ڈرائیورز کا ڈیٹا چیک کیا گیا۔ 1ہزار 714ڈرائیورز کے کریمنل ریکارڈ کی جانچ کے بعد 347ڈرائیور مختلف مجرما نہ مقدمات میں ملوث پائے گئے۔حکام کا کہنا ہے کہ ان ڈرائیورز کیخلاف مجموعی طور پر ڈکیتی، قتل اور دیگر سنگین نوعیت کے 579مقدمات درج ہیں۔ لائسنس کی کیٹیگری کے لحاظ سے ایل ٹی وی کے 116ڈرائیور 33فیصد مقدمات کیساتھ سرفہرست جبکہ ایچ ٹی وی اور پی ایس وی کے 87ڈرائیور 25فیصد کیساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ٹریفک حکام کے مطابق ایک ڈرائیور کے خلاف 27، دوسرے کے خلاف 25 جبکہ ایک اور ڈرائیور کے خلاف 14 مقدمات درج ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔حکام نے واضح کیا ہے کہ کریمنل ریکارڈ رکھنے والے ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، ان کے لائسنس معطل کیے جا رہے ہیں اور متعلقہ پولیس تھانوں کو بھی ریکارڈ بھجوایا جا رہا ہے۔ آئندہ ٹریفک وارڈنز کو گاڑیوں کے ریکارڈ کے ساتھ ڈرائیورز کا سی آر او بھی چیک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ مزید ڈرائیورز کا ڈیٹا حاصل کرنے کے لیے اڈا مالکان سے رابطے جاری ہیں۔




