فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے سوشل سکیورٹی ہسپتال مدینہ ٹائون کی انتظامیہ کو روزانہ او پی ڈی پر آنے والے محنت کش مریضوں کی بیماری کی وجوہات کا ریکارڈ فراہم کرنے کی تاکید کی ہے تاکہ متعلقہ انڈسٹریل یونٹ میں انسپکشن کرکے بیماریوں کا موجب بننے والے عوامل کی روک تھام ہو اور مزدوروں کی صحت برقرار رہے۔انہوں نے سوشل سکیورٹی ہسپتال مدینہ ٹائون کا دورہ کیا اورکہا کہ ریکارڈ کی فراہمی سے تعین ہوگا کہ کس انڈسٹری میں کون سے صحت کے خطرات ہیں اور اقدامات بروئے کار لاکر ان کا سدباب کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے ان سے علاج معالجہ اور ادویات ملنے کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے تسلی کی۔انہوں نے ہسپتال کی 300 سے 400 بیڈز تک توسیع کے منصوبہ اور سٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولیات کی دستیابی کو سراہا۔




