فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد سید علی عباس بخاری نے ڈویژنل کمشنر فیصل آباد مریم خان کے احکامات کو نظرانداز کر دیا۔ 12روز گزرنے کے باوجود جھال خانوآنہ پل کے دونوں اطراف ٹوٹنے والے آہنی جوڑ مرمت نہ کئے جا سکے۔ یاد رہے کہ ”ڈیلی بزنس رپورٹ” نے گزشتہ دنوں جھال خانوآنہ پل کے دونوں اطراف آہنی جوڑ جگہ جگہ سے ٹوٹنے کی خبر شائع کرتے ہوئے کمشنر فیصل آباد مریم خان سے مطالبہ کیا تھا کہ آہنی جوڑوں کو جلدازجلد مرمت کیا جائے کیونکہ آہنی جوڑ ٹوٹنے سے عبدالرشید غازی چوک (سابق جی ٹی ایس چوک) سے ستیانہ روڈ’ سمندری روڈ کے دونوں اطراف گڑھے پڑ چکے ہیں۔ مذکورہ پل سے روزانہ ہزاروں کی تعداد میں ٹرک’ بسیں’ ٹرالر’ دیگر گاڑیوں اور موٹرسائیکلیں گزرتی ہیں۔ جگہ جگہ آہنی جوڑ ٹوٹنے کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ جھٹکے لگنے سے گاڑیاں بھی تباہ وبرباد ہو رہی ہیں جس پر کمشنر فیصل آباد نے نوٹس لیتے ہوئے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سید علی عباس بخاری کو حکم دیا تھا کہ فوری طور پر جھال پل کے دونوں اطراف گڑھوں کو درست کروایا جائے۔ کمشنر آفس ذرائع کے مطابق چیف آفیسر ایم سی ایف کو کئی مرتبہ یاد دہانی کے نوٹس بھی جاری کئے گئے۔ لیکن 12 روز گزرنے کے باوجود جھال پل کے گڑھوں کو درست نہ کروایا جا سکا۔ شہری حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ کمشنر فیصل آباد کے احکامات کو یکسر نظرانداز کرنیوالے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔




