فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے تحصیل گوجرہ کا دورہ کیا اورعید الاضحی کے حوالے سے قائم عارضی سیل پوائنٹ میں جاکر انتظامات چیک کئے۔ انہوں نے پینے کے ٹھنڈے پانی کی دستیابی،لائیو سٹاک کانٹر پر ادویات سمیت ریسکیو 1122،ہیلتھ ودیگر کانٹرز پر سٹاف کی ڈیوٹی چیک کی۔انہوں نے پارکنگ کے انتظامات اور فیس وصولی بارے دریافت کیا اورقربانی کے جانوروں کی فری انٹری و ایگزیٹ کے بارے میں موقع پر بیوپاریوں و خریداروں سے تصدیق کی۔انہوں نے صفائی کا اعلی معیار قائم رکھنے اور تمام تر انتظامات کو عید الاضحی تک برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن کے عارضی سیل پوائنٹس میں بیوپاریوں اور خریداروں کے لئے عمدہ انتظامات برقرار ہیں۔کمشنر نے میونسپل کمیٹی آفس میں اجلاس کی صدارت کی اور عوامی بہبود کے اقدامات پر عملدرآمد بارے بریفنگ لی۔انہوں نے تحصیل کے داخلی راستوں کو جاذب نظر بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ واٹر فلٹریشن پلانٹس مکمل فعال ہونے چاہیں،سٹریٹ لائٹس چالو رکھیں،جنرل بس سٹینڈ کی تزئین و بحالی کا کام مکمل اورسلاٹر ہاس کو سہولیات سے آراستہ کیا جائے۔انہوں نے ریونیو افسران سے اہداف کی تکمیل پر تفصیلات لیں اور سختی سے کہا کہ 30جون تک ریکوری کے ٹارگٹس مکمل کئے جائیں۔کمشنر نے میونسپل کمیٹی آفس سے ملحقہ مقام پر پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ نے بتایا کہ تحصیل گوجرہ میں 6۔ارب روپے کی لاگت سے سیوریج سسٹم کی بحالی،سٹورم واٹر ڈرینج سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ مرحلہ وار پروگرام پر عملدرآمد کرایا جارہا ہے۔کمشنر نے تعمیراتی عمل میں سست روی پرٹھیکیدار کی سرزنش کی اور مرحلہ وار کام مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے 30جون تک کام مکمل نہ ہونے پر ٹھیکیدار کو بلیک لسٹ کرنے کا عندیہ دیا۔کمشنر نے تحصیل گوجرہ میں ستھرا پنجاب اتھارٹی کے آگاہی کیمپ کا بھی دورہ کیا اور کہا کہ فیصل آباد ڈویژن میں عیدالاضحی انتظامات مکمل اورشہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شہریوں میں ویسٹ بیگز بھی تقسیم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے میڈیا کے توسط سے شہریوں سے کہا کہ وہ عید پرقربانی کے جانوروں کی الائشیں جمع کرکے عملہ صفائی کے سپرد کریں۔تحصیل بھر میں ایک ہزار کے قریب ویسٹ ورکرز ڈیوٹی انجام دیں گے۔شہری عید قربان پر صفائی اپریشن میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔کمشنر نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال جاکر طبی انتظامات کا مشاہدہ کیا اورمریضوں کی عیادت،ادویات ملنے اور علاج معالجہ کے بارے میں دریافت کرکے تسلی کی۔انہوں نے مشینری کے فعال ہونے کو چیک کیا اور ہسپتال میں صفائی کا معیار دیکھا۔انہوں نے مریضوں کو انتظار اور قطار کی زحمت سے بچانے کے لئے اضافی بینچز اورڈیجیٹل ٹوکن سسٹم نصب کرانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کو تیز رفتار اور تسلی بخش طبی سہولیات کی فراہمی یقینی ہونی چاہیے۔کمشنر نے انڈرپاس، بیوٹیفیکیشن پراجیکٹ،زیر تعمیر سہولت بازار کا بھی دورہ کیا۔کمشنر نے علی اصغر پارک میں تفریحی سہولیات دیکھیں اور کہا کہ پارکوں کو حقیقی معنوں میں معیاری تفریح گاہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے پارک میں باسکٹ بال کورٹ کے قیام پر تحصیل انتظامیہ کو شاباش دی اور کہا کہ نوجوانوں کے مقابلے منعقد کرائیں جن میں مدرسوں کے طالب علم بھی شامل ہوں۔انہوں نے تحصیل گوجرہ میں سٹیٹ آف دی آرٹ فیملی پارک کا دورہ کیا جس کے افتتاح کے بعد پارک کو فیملیز کے لئے کھول دیا گیا۔ انہوں نے پارک میں تفریحی سہولیات دیکھیں،فیملیز کے پارک کے قیام کو سراہا۔کمشنر نے جناح پارک کا بھی دورہ کیا۔




