کراچی (سپورٹس نیوز) ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جہانداد خان پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل رانڈر جہانداد خان پر نیشنل بینک اسٹیڈیم میں جمعہ کی رات راولپنڈیز کے خلاف میچ کے دوران پی ایس ایل ضابطہ اخلاق کی لیول 1 کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔جہانداد خان کو پی ایس ایل ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا، جو میچ کے دوران کسی بیٹر کے آئوٹ ہونے پر ایسی زبان یا اشاروں کے استعمال سے متعلق ہے جو اس کی تذلیل کرے یا جارحانہ ردعمل کو ہوا دے سکے۔آل رانڈر نے آن فیلڈ امپائرز شرف الدولہ اور عمران جاوید کی جانب سے عائد کردہ الزامات کا اعتراف کیا اور میچ ریفری روشن ماہنامہ کی جانب سے دی گئی سزا کو قبول کر لیا۔یہ واقعہ دوسری اننگز کے 18ویں اوور کی دوسری گیند پر پیش آیا جب جہانداد نے سلو بانسر کروایا۔ سعد مسعود نے بانڈری کی طرف اپر کٹ کھیلنے کی کوشش کی لیکن گیند فیلڈر کے ہاتھ میں چلی گئی اور وہ آئوٹ ہو گئے۔




