فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کھرڑیانوالہ پولیس ڈاکوئوں کو پکڑنے میں ناکام جبکہ لٹنے والے افراد کا مقدمہ درج کرنے سے گریزاں’ متاثرہ شہری تھانے کے چکر لگانے پر مجبور ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ 107رب کا رہائشی سرفراز خان 6ستمبر کی شام کو 211 رب سے واپس گھر آ رہا تھا کہ جب وہ اپنے گائوں کے قریب اونچے والا موڑ پر پہنچا تو وہاں پر ناکہ لگائے چار مسلح ڈاکوئوں نے روک لیا اور گن پوائنٹ پر 8ہزار روپے’ موبائل فون چھین لیا’ اسی دوران وہاں سے گزرنے والے اکبر علی سے بھی 6200 روپے اور موبائل فون اور ایک تیسرے راہگیر علی رضا کو بھی روک کر گن پوائنٹ پر 14ہزار روپے اور پرس چھین لیا۔ اہل محلہ کو ڈاکوئوں کا علم ہوا تو وہاں پہنچنے پر ڈاکو موقع سے فرار ہو گئے تو متاثرہ افراد نے ریسکیو15 پر کال کی تو پولیس پارٹی نے موقع پر پہنچ کر متاثرہ افراد کو تھانے آنے کا کہہ کر چلی گئی اور تین روز گزرنے کے باوجود کھرڑیانوالہ پولیس ڈاکوئوں کو پکڑنے کی بجائے لٹنے والے شہریوں کو تھانے کے چکر لگوانے شروع کر دیئے اور ابھی تک ان کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ شہری حلقوں نے آر پی او ذیشان اصغر’ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر سے مطالبہ کیا ہے کہ کھرڑیانوالہ کے نااہل عملہ کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے اور ڈاکوئوں کو گرفتار کر کے مال مسروقہ برآمد کیا جائے۔




