کھیلوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے

لاہور(بیوروچیف)چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اخترنے کہاہے کہ ہم سب کو نوجوانوں کی ذہنی و جسمانی مضبوطی کے لئے بھرپورکردار ادار کرناہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی الرازی ہال میں منعقدہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن سپورٹس جنرل ٹرافی 2024-25 کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی،وائس چانسلر لاہور گیریژن یونیورسٹی میجر جنرل(ر)خالد ڈار،پنجاب گروپ آف کالجزکے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سہیل افضل، پروریکٹر یو سی پی ڈاکٹر حماد نوید،پروفیسر ڈاکٹر نظام الدین، ڈی جی سپورٹس ایچ ای سی رضوان شوکت اورپی یو ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر شبیر سرورسمیت پنجاب یونیورسٹی و دیگر جامعات سے کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر نیازاحمد اختر نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں میں آگے لانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،میرٹ پر ٹریننگ دے کر ہی اچھے نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا جو بھی جامعات کارکردگی دکھا رہی ہیں، سپورٹس اور تحقیق میں، ہائر ایجوکیشن کمیشن ان کی معاونت کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم نصابی سرگرمیوں کا فائدہ بین الاقوامی سطح پربھی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی تقریب میں شرکت کرنا کسی اعزازسے کم نہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانو ں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیراہتمام سارا سال کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں۔ انہوں نے بہترین تقریب کے انعقاد پر وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد علی اور ڈائریکٹر سپورٹس کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب اور پنجاب یونیورسٹی سمیت کامیابی حاصل کرنے والی جامعات کو مبارک باد پیش کی۔پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ ہمیں کھیلوں کے فروغ کے لئے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلنے والے طلباطالبات زندگی میں زیادہ کامیاب ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نصابی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے طلبہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب نے نجی جامعات میں نمایاں کامیابیاں سمیٹی ہیں، جوقابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں طلباطالبات کے درمیان مقابلے کرواتے رہتے ہیں تاکہ میدان ہمیشہ بھرے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی روئنگ ٹیم نے بین الاقوامی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کیا ہے۔ ڈاکٹرشبیر سرور نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کی قیادت میں پنجاب یونیورسٹی کھیلوں کے فروغ کے لئے کام کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ تقریب کی میزبانی کا شرف پنجاب یونیورسٹی کو دینے پر ایچ ای سی کے شکر گزار ہیں۔ڈی جی سپورٹس رضوان شوکت نے کہا کہ ہائیرایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام 1973 سے سالانہ مقابلوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ ایچ ای سی تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ کیلئے بھی اپناکردار ادا کر رہا ہے۔ایچ ای سی سپورٹس جنرل ٹرافی (مرد)میں یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب پہلے جبکہ پنجاب یونیورسٹی دوسرے نمبر پر رہی۔اسی طرح خواتین کی کیٹیگری میں پنجاب یونیورسٹی پہلی اور لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی دوسرے نمبر پر رہی۔ان مقابلوں میں پاکستان بھرکی جامعات میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا جس میں کرکٹ، والی بال، ایتھلیٹکس، ریسلنگ اور دیگر مقابلے شامل ہیں۔ سیزن2024-25میں 42 زونل اور 39 فائنل مقابلے منعقد ہوئے،مردوں کے مقابلوں میں 143 جبکہ خواتین میں 73 جامعات نے شرکت کی۔بعد ازاں کامیابی پانے والے کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں