گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی کی طالبات کی صلاحیتوں پر فخر ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ فیشن اینڈ ٹیکسٹائل ڈیزائن کے زیر اہتمام چھٹا فیشن ڈیزائن تھیسس ڈسپلے لائل پور میں منعقد ہوا، جس میں طالبات کے تیار کردہ 45فائنل تھیسسز نمائش کے لیے پیش کیے گئے۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین (تمغہ امتیاز) جبکہ مہمانِ اعزاز ٹیکسٹائل ماہر آمنہ خرم تھیں۔ وائس پریزیڈنٹ ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فیصل آباد قرات العین نے بھی خصوصی طور پر نمائش کا دورہ کیا۔نمائش میں طالبات نے فیشن،ٹیکسٹائل، ثقافتی ورثے، جدید ڈیزائننگ اور تخلیقی رجحانات پر مبنی اپنے منفرد اور جدت آمیز منصوبے پیش کیے، جنہیں شرکا نے بے حد سراہا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں، فنی مہارت اور پیشہ ورانہ استعداد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کی طالبات بے پناہ صلاحیتوں کی مالک ہیں اور ایسے پلیٹ فارمز ان کے ہنر کو نکھارنے اور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ایکڈیمیا اور انڈسٹری کے درمیان مضبوط روابط قائم کیے جائیں تاکہ طالبات کو عملی میدان سے روشناس کرایا جا سکے اور انہیں پیشہ ورانہ مواقع میسر آئیں۔مہمانِ اعزاز آمنہ خرم نے طالبات کے کام کو اعلی معیار کا قرار دیتے ہوئے کہا کہ نمائش میں پیش کیے گئے ڈیزائنز طالبات کی محنت، تخلیقی سوچ اور فیشن انڈسٹری کے تقاضوں سے آگاہی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ صنعت اور جامعات کے مابین اشتراک نوجوان ڈیزائنرز کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔وائس پریزیڈنٹ ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری قرات العین نے بھی طالبات کے تخلیقی کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں نہ صرف طالبات کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ انہیں انڈسٹری کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں