اسلام آباد(بیوروچیف) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام سیاسی جماعتوں کو یاد دہانی کرائی ہے کہ وہ مالی سال 2024-25کے آڈیٹ شدہ مالی گوشوارے 29اگست 2025تک جمع کرائیں۔ترجمان کے مطابق یہ گوشوارے الیکشن ایکٹ 2017کی دفعات 204اور 210اور الیکشن رولز 2017کے قواعد کے تحت جمع کرانا لازمی ہیں، گوشوارے فارم ڈی پر مکمل تفصیلات کے ساتھ اور چارٹرڈ اکائونٹنٹ سے تصدیق شدہ ہونے چاہئیں۔الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ہر جماعت کو اپنی آمدن و اخراجات، اثاثہ جات و واجبات اور فنڈنگ کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی، 1جولائی 2024سے 30جون 2025تک کے بینک اکانٹس کی مکمل اسٹیٹمنٹس منسلک کرنا بھی لازمی ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ تمام دستاویزات براہِ راست جماعت کے مجاز نمائندے کے ذریعے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد میں جمع کرائی جائیں گی، کسی بھی قسم کی ڈاک، فیکس یا کوریئر کے ذریعے موصول دستاویزات کو قبول نہیں کیا جائے گا۔




