ساہیوال ( بیور و چیف ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے چھوٹے دکانداروں کے لیے متعارف کرائی گئی فکسڈ ٹیکس اسکیم کے تحت ٹیکس سال 2026 کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ریجنل ٹیکس آفس (RTO) ساہیوال نے اپنی سہولت کاری مہم کو مزید وسعت دے دی ہے۔اس سلسلے میں ساہیوال، عارفوالہ اور وہاڑی کے مختلف اہم مقامات پر Facilitation Desks قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں چھوٹے دکانداروں کو فکسڈ ٹیکس اسکیم کے تحت اپنے گوشوارے جمع کرانے کے حوالے سے رہنمائی اور عملی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔کاروباری برادری تک سہولت کی رسائی مزید بہتر بنانے کے لیے مزید مقامات پر بھی Facilitation Desks قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ چھوٹے دکاندار اپنے کاروباری مراکز کے قریب ہی اسکیم سے متعلق رہنمائی حاصل کر سکیں اور آسان طریقہ کار کے تحت ٹیکس سال 2026 کا گوشوارہ جمع کرا سکیں۔آر ٹی او ساہیوال کی ٹیمیں دکانداروں کو اسکیم کے طریقہ کار، گوشوارہ جمع کرانے اور دیگر متعلقہ امور کے بارے میں مکمل معاونت فراہم کر رہی ہیں۔ اس مہم کا بنیادی مقصد چھوٹے کاروباری طبقے کے لیے ٹیکس کمپلائنس کو آسان، قابلِ رسائی اور سہل بنانا اور رضاکارانہ ٹیکس کمپلائنس کو فروغ دینا ہے۔چیف کمشنر آر ٹی او ساہیوال کرامت چوہدری کے وژن کے تحت چھوٹے دکانداروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے یہ مہم پورے ریجن میں مزید وسعت دی جا رہی ہے۔




