گیارہویںجماعت کے نتائج کا اعلان ’62فیصد طلبہ پاس

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے امتحان انٹرمیڈیٹ (اول سالانہ)2026 پارٹ اول (گیارہویں جماعت) کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے نتائج کا باضابطہ اعلان کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سلیم تقی شاہ اور کنٹرولر امتحانات پروفیسر رانا عتیق الرحمن کے علاوہ دیگر متعلقین بھی وہاں موجود تھے۔ حکومتِ پنجاب کی ہدایات کے مطابق نتائج کا اعلان صبح 10 بجے کیا گیا، جس کے ساتھ ہی نتائج بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ www.bisefsd.edu.pk پر بھی اپ لوڈ کر دیے گئے۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات پروفیسر رانا عتیق الرحمن نے بتایا کہ امتحان میں مجموعی طور پر 105663 طلبا و طالبات نے شرکت کی، جن میں سے 65178 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کو ان کے گھر اور تعلیمی اداروں کے قریب امتحانی سہولیات فراہم کرنے کے لیے 324 امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے۔ اس موقع پر چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے کہا کہ امتحانی نظام میں شفافیت، میرٹ، جدید ٹیکنالوجی کا موثر استعمال اور طلبا و طالبات کو بروقت سہولیات کی فراہمی بورڈ کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ نتائج کی بروقت تیاری اور اعلان کے لیے تمام متعلقہ شعبوں نے مربوط انداز میں کام کیا تاکہ طلبا و طالبات اور ان کے والدین کو مقررہ وقت پر نتائج کی سہولت میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی تعلیم دوست پالیسیوں اور تعلیمی نظام میں بہتری کے وژن کو آگے بڑھانے کے لیے تعلیمی بورڈ فیصل آباد بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے تعلیم کے شعبے میں بہتری، طلبا و طالبات کو جدید سہولیات کی فراہمی اور امتحانی نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے کی جانے والی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ ان پالیسیوں کے مطابق امتحانی عمل کو شفاف، منظم اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ چیئرمین بورڈ نے کامیاب ہونے والے طلبا و طالبات اور ان کے والدین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ کامیابی مسلسل محنت، لگن اور اساتذہ کی رہنمائی کا نتیجہ ہوتی ہے۔ انہوں نے طلبا و طالبات پر زور دیا کہ وہ آئندہ امتحانات میں مزید محنت اور توجہ کے ساتھ اپنی تعلیمی صلاحیتوں کو بہتر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جو امیدوار اس مرتبہ کامیابی حاصل نہیں کر سکے وہ مایوس ہونے کے بجائے اپنی کمزوریوں کی نشاندہی کرکے نہ صرف انہیں دور کرنے کی کوشش کریں بلکہ آئندہ امتحانات کے لیے بھرپور تیاری کرکے پوزیشن ہولڈرز طلبا وطالبات کی صف میں اپنی جگہ بنا کر ثابت کریں کہ محنت لگن اور کوشش سے کوئی بھی مقام حاصل کرنا مشکل کام نہیں۔ سیکرٹری بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سلیم تقی شاہ نے کہا کہ نتائج کی تیاری اور بروقت اجرا کے لیے تمام متعلقہ شعبوں نے اپنی ذمہ داریاں پیشہ وارانہ انداز میں ادا کیں۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی امور کی موثر نگرانی، دفتری شعبوں کے درمیان رابطے اور انتظامی معاملات کی بروقت تکمیل کے باعث نتائج کے اعلان کے عمل کو منظم انداز میں مکمل کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بورڈ طلبا و طالبات کو بہتر خدمات فراہم کرنے اور انتظامی و امتحانی نظام میں بہتری لانے کے لیے کوشاں ہے کنٹرولر امتحانات پروفیسر رانا عتیق الرحمن نے مزید کہا کہ امتحانات کے انعقاد، جوابی کاپیوں کی جانچ، نتائج کی تیاری اور حتمی جانچ پڑتال کے تمام مراحل کو قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی نظام میں شفافیت اور درستگی کو یقینی بنانا بورڈ کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے متعلقہ عملے نے محنت اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض سرانجام دیے۔ انہوں نے امیدواروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے نتائج اور آئندہ تعلیمی مراحل کے حوالے سے بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ سے مستند معلومات حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ جو امیدواران اپنے حاصل کردہ نمبروں سے مطمئن نہ ہوں تو وہ 6 نومبر 2026 تک مقررہ طریقہ کار کے مطابق بورڈ کی سیکریسی برانچ میں ری چیکنگ کی درخواست جمع کروا کے قواعد کے تحت اپنی جوابی کاپی خود چیک کرکے تسلی کر سکتے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی بورڈ فیصل آباد طلبا و طالبات کو معیاری امتحانی سہولیات کی فراہمی، نتائج کے بروقت اعلان اور امتحانی نظام میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں