گیس لیکج کے باعث آتشزدگی،6افراد جھلس گئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ صدر کے علاقہ ہمت پورہ میں گیس لیکج کے باعث گھر میں آتشزدگی’ آگ کی لپیٹ میں آ کر ایک ہی خاندان کے چھ افراد بری طرح جھلس گئے، لاکھوں روپے مالیت کا گھریلو سامان جل کر خاکستر ہو گیا، ریسکیو1122 نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پاکر مضروبان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈھڈی والا کے علاقہ ہمت پورہ گلی نمبر10 گلشن سویٹ والی گلی کے رہائشی محمد عثمان اپنی فیملی کے ہمراہ گھر کو تالا لگا کر لاہور چلا گیا، گیس لیکج کے باعث بند گھر میں گیس بھر گئی، گزشتہ روز وہ واپس آئے تو گھر کا دروازہ کھول کر لائٹ چلانے کیلئے سوئچ آن کیا تو زور دار دھماکہ سے گھر میں آگ بھڑک اُٹھی’ آگ کی لپیٹ میں آ کر 30سالہ عثمان ولد پیر بخش’ 24سالہ جزیم دخر پیر بخش’ 50سالہ زنیرہ زوجہ عزیز’ 31سالہ سدرہ زوجہ لیاقت’ 2سالہ بچہ زورین ولد عثمان بری طرح جھلس گئے اور دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ تاہم واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ تاہم لاکھوں روپے مالیت کا گھریلو سامان جل کر راکھ بن گیا اور زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں