ہاؤسنگ سکیموں میں انسداد ڈینگی اقدامات کئے جائیں،محمد آصف چوہدری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ مون سون سیزن کے دوران ڈینگی لاروا کی افزائش کے خدشات کے پیش نظر انسدادِ ڈینگی اقدامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی اور حکومت پنجاب کی جاری کردہ ہدایات پر مکمل عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے یہ بات ایف ڈی اے کمپلیکس میں انسدادِ ڈینگی مہم کے حوالے سے سرویلنس سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے دوران کہی۔ اس موقع پر چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ طلحہ تبسم، فوکل پرسن محمد عثمان رامے اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ایف ڈی اے کمپلیکس کے مختلف حصوں، دفاتر کی چھتوں، پانی کی ٹینکیوں اور دیگر مقامات کا تفصیلی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ ایسی تمام جگہوں کی باقاعدگی سے جانچ پڑتال کی جائے جہاں بارش کا پانی جمع ہونے یا ڈینگی لاروا کی افزائش کا امکان ہو۔ انہوں نے کہا کہ انسدادِ ڈینگی مہم کے تحت تمام سرویلنس سرگرمیوں کو مزید موثر اور نتیجہ خیز بنایا جائے تاکہ مجموعی انسدادی اقدامات کے ذریعے شہریوں کو ڈینگی کے خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ محمد آصف چوہدری نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ایف ڈی اے کی حدود کے علاوہ پرائیویٹ ہائوسنگ سکیموں میں بھی کڑی مانیٹرنگ جاری رکھی جائے اور حکومت پنجاب کی قائمہ ہدایات کے مطابق تمام احتیاطی اور حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انہیں بتایا گیا کہ انسدادِ ڈینگی مہم کے لیے ایف ڈی اے کے آٹھ فوکل پرسنز ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام فوکل پرسنز روزانہ فیلڈ انسپکشن کریں، اپنی سرگرمیوں کی رپورٹ باقاعدگی سے مرتب کرکے جمع کرائیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے کی فوری نشاندہی کرتے ہوئے بروقت احتیاط اقدامات کو یقینی بنائیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ڈینگی لاروا کی افزائش کے تدارک اور ڈینگی مچھر سے بچا کے لئے احتیاطی و حفاظتی تدابیر کے بارے عوامی آگاہی پروگرام پر موثر انداز میں عملدرآمد جاری رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے مزید ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے ساتھ قریبی رابطہ اور مکمل تعاون برقرار رکھا جائے تاکہ انسدادِ ڈینگی مہم کو مربوط انداز میں کامیاب بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں