فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ریجنل آفس خاتون محتسب پنجاب کے زیراہتمام گورنمنٹ کالج آف سائنس سمن آباد میں ہراسمنٹ کیخلا ف آگاہی کیلئے سیمینار منعقد ہوا۔خاتون محتسب پنجاب ڈاکٹر نجمہ افضل خان اس موقع پر مہمان خصوصی تھیں۔ریجنل کوآرڈینیٹر خاتون محتسب پنجاب پروفیسر خالد حسن،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر حبیب الرحمن،پرنسپل ادارہ ڈاکٹر ظہور احمد کے علاوہ پروفیسرز اور طلبا و طالبات بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ڈاکٹر نجمہ افضل خان نے کہا کہ ہراسانی کے خلاف زیرو ٹالرنس سلوگن کے تحت موثر اقدامات جاری ہیں اور سرکاری اداروں میں ہراسمنٹ ایکٹ کے بارے میں آگاہی کا مقصد جائے ملازمت پر خواتین کو سازگار ماحول کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے تربیتی سیشنز کا تسلسل سے انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے سیمینار کے کامیاب انعقاد پر ریجنل کوآرڈینیٹر سمیت کالج انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا۔سیمینار سے ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز اور پرنسپل نے بھی اظہار خیال کیا اور ہراسمنٹ کے واقعات کے سدباب کے لئے خاتون محتسب پنجاب کی جاری کاوشوں کی تعریف کی۔ریجنل کوآرڈینیٹر ریجنل آفس فیصل آبادنے ہراسمنٹ کمیٹی کی تشکیل اور ہراسمنٹ کمیٹیوں کی کارروائی کے حوالے سے معلوماتی لیکچر دیا۔آگاہی سیشن کے اختتام پر طلبا اور سٹاف ممبران نے سوالات کئے جن کے مناسب جوابات دیئے گئے۔دریں اثنا فیصل آباد ریجن کے9، اداروں کی ہراسمنٹ کمیٹیوں کا اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں کمیٹیز نے بریفنگ دی۔




